Tuesday , July 17 2018
Home / جرائم و حادثات / ایک شخص نے بیوی اور بچوں کا گلہ گھونٹ دیا

ایک شخص نے بیوی اور بچوں کا گلہ گھونٹ دیا

میرپیٹ میں اس دلخراش واقعہ پر مقامی عوام رو پڑے ، ملزم خودسپرد
حیدرآباد /20 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میرپیٹ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ۔ ایک شخص نے اپنی بیوی اور دو بچوں کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا اور پولیس میں خود سپردگی اختیار کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ صبح کے اولین اوقات میر پیٹ حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ اس واقعہ کے بعد رشتہ داروں کے علاوہ مقامی عوام بھی دلخراش مناظر کو دیکھ کر رو پڑے اور سارے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اطلاع کے فوری بعد پولیس کے اعلی عہدیدار بھاری جمعیت کے ساتھ اپارٹمنٹ پہونچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ تاہم خودسپردگی کے متعلقہ پولیس نے واضح بیان نہیں دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ ہریندر گوڑ نے اس کی بیوی 24 سالہ ورا لکشمی 5 سالہ لڑکے نتیش اور 3 سالہ لڑکی یاساونی کا بے رحمی سے گلاگھونٹ کر قتل کردیا ۔ گوڑ اُگادی تہوار کے سلسلہ میں اس کے سسرال آیا تھا ۔ اور صبح میاں بیوی میں معمولی بات پر بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد ہریندر گوڑ نے خسر اور برادر نسبی کو سیندھی لانے کیلئے مکان سے باہر روانہ کیا اور اپنے ناپاک عزائم پورا کرنے کے بعد فرار اختیار کرلی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر رویندر ریڈی نے بتایا کہ پولیس کو تاحال اس سنسنی خیز قتل کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ اس خاندان کو مالی مسائل کا کوئی سامنا نہیں تھا ۔ جبکہ ہریندر کے سسرالی رشتہ دار اس کی ہر طرح سے مدد کے خواہش مند تھے ۔ ہریندر گوڑ ملک پیٹ میں ایک ڈینٹل کلینک چلاتا تھا ۔ جو گذشتہ ایک ماہ سے بند تھا اور یہ شخص کام پر نہیں جارہا تھا اس بات پر میاں بیوی میں بحث ہوا کرتی تھی لیکن خاتون کے والدین نے داماد پر زور نہ دینے اور مالی مدد کرنے کا یقین دیا تھا اور بچوں کی تعلیم کی فکر نہ کرنے کیلئے ان کی بیٹی کو ہر لحاظ سے بھروسہ دلایا تھا ۔ لیکن اس درندہ صفت انسان کے اس ا نتہائی اقدام پر خاندان والے بھی حیران رہے۔ یاد رہے کہ میرپیٹ حدود میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سے قبل ایک لائب ٹیکنیشن نے اس کی بیوی اور بچوں کو قتل کردیا تھا اور اب اس طرح کا واقعہ پیش آیا میرپیٹ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT