Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم

ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم

جامعۃ المؤمنات میں محمد قمرالدین چیرمین اقلیتی کمیشن کا تہنیتی تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔ 10 جنوری (راست) صدرنشین اقلیتی کمیشن جناب محمد قمرالدین نے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہوتی ہے۔ معاشرہ میں سدھار و بگاڑ کیلئے عورت کے کردار کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ علم کے ذریعہ جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے، علم کے ذریعہ انسان کے درجات بلند ہوتے ہیں۔ علم کے ذریعہ معرفت خداوندی حاصل ہوتی ہے، اسی علم کے ذریعہ اللہ نے انسان کے مقام و مرتبہ کو اونچا کیا ہے۔ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری علوم کا جاننا بھی ضروری ہے۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ محمد قمرالدین نے مزید کہا کہ میں جامعۃ المؤمنات میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے دختران ملت بحسن و خوبی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہی ہیں۔ یہ ایک مثالی جامعہ ہے۔ تقریب کا آغاز طالبات جامعۃ کی قرأت و نعت شریف اور قصیدہ بردہ شریف سے ہوا۔ ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المؤمنات میں 2,500 سے زائد طالبات جماعت اول تا فاضل، مفتی کورس، الدکتورہ مع حفظ القرآن میں زیرتعلیم ہیں۔ جناب محمد فاروق علی خاں ایڈوکیٹ نے الحاج محمد قمرالدین صدرنشین اقلیتی کمیشن کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری خطیب و امام مسجد حج ہاؤز نے کلمات تشکر ادا کئے۔ شمس الدین فاروقی، مولانا عبدالرحیم قادری اور دیگر شریک رہے۔ جامعۃ المؤمنات کی جانب سے محمد قمرالدین صدرنشین اقلیتی کمیشن کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT