Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / ایک مرد اور دو خواتین کو زخمی کرنے والی خاتون کی خودکشی

ایک مرد اور دو خواتین کو زخمی کرنے والی خاتون کی خودکشی

واشنگٹن ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں یوٹیوب کے ہیڈکوارٹرس پر فائرنگ کرنے والی خاتون نے تین افراد کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ عہدیداروں نے کہا ہیکہ بادی النظر میں یہ واقعہ گھریلو تنازعہ کا شاخسانہ ہے۔ دو پولیس عہدیداروں کے حوالے سے این بی سی نے کہا کہ مشتبہ خاتون نے جس کی 38 سالہ نسیم اقدام کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے، خود پر گولی چلاتے ہوئے ہلاک ہوگئی۔ سلیکان ویلی کے قریب سان برونو میں گوگل کے الفا بٹ انکارپوریٹ کے مملوکہ ویڈیو شیرنگ ادارہ یوٹیوب کے ہیڈکوارٹرس سے ہندوستانی امریکیوں کی قابل لحاظ تعداد وابستہ ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس واقعہ کے پس پردہ گھریلو تنازعہ سے متعلق محرکات کارفرما ہیں۔ تحقیقات کے اس مرحلہ پر اس واقعہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ شمالی کیلیفورنیا کے یوٹیوب ہیڈکوارٹرس پر یہ خاتون تین افراد کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد خود پر گولی چلاتے ہوئے فوت ہوگئی۔ یوٹیوب کیمپس کے ایک کیفے کے باہر کثیر تعداد میں لوگ جمع ہونے کے نتیجہ میں چوتھا شخص زخمی ہوگیا۔ باور کیا جاتا ہیکہ فائرنگ کرنے والی خاتون کم سے کم ایک زخمی کو جانتی تھی۔ ایک 36 سالہ مرد اور 32 سالہ عورت کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تیری زخمی 27 سالہ خاتون کی حالت مستحکم ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اس واقعہ سے واقف کروادیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس واقعہ سے وابستہ تمام افراد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور قانون نافذ کرنے والے حکام کی چوکسی اور بروقت کارروائی کی ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT