Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ایک ہی مقام پر شادی بیاہ اشیاء کی دستیابی قابل ستائش

ایک ہی مقام پر شادی بیاہ اشیاء کی دستیابی قابل ستائش

حیدرآباد 12 سپٹمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج سٹی کنونشن سنٹر میں ’’جشن نکاح‘‘ کے عنوان سے شروع ہوئی سہ روزہ نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، مسز این اوما امر ناتھ صدرنشین و ایم ڈی تروملا میوزک سنٹر، ڈاکٹر نعمت اللہ خان منیجنگ ڈائ

حیدرآباد 12 سپٹمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج سٹی کنونشن سنٹر میں ’’جشن نکاح‘‘ کے عنوان سے شروع ہوئی سہ روزہ نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، مسز این اوما امر ناتھ صدرنشین و ایم ڈی تروملا میوزک سنٹر، ڈاکٹر نعمت اللہ خان منیجنگ ڈائرکٹر محمد خان جیویلرس کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے افتتاح کے بعد جشن نکاح میں حصہ لینے والے تمام تجارتی اداروں کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں اِس عظیم الشان نمائش میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کیپشنس اور ٹی ایم سی کے علاوہ محمد خان جیویلرس و دیگر تاجرین کی معاونت سے قائم کی گئی اِس نمائش میں افتتاح کے ساتھ ہی عوام کا ہجوم اُمڈ آیا اور مشاہدین نے نمائش میں موجود اسٹالس کا نہ صرف مشاہدہ کیا بلکہ بیشتر اسٹالس میں خریداری بھی عروج پر دیکھی گئی۔ سہ روزہ جشن نکاح نمائش کے دوران دن بھر میں عوام کی بڑی تعداد نے اِس نمائش کا مشاہدہ کرتے ہوئے نئے طریقہ کار کی سراہنا کی۔ جناب محمد محمود علی نے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر تہوار اور تقاریب کے عنوانات پر نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے اور جو اقدام حیدرآباد میں جشن نکاح کے عنوان سے نمائش کے اہتمام کے ذریعہ کیا گیا ہے وہ نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ اِس اقدام کے ذریعہ منتظمین نے حیدرآباد کو عالمی شہرت یافتہ شہروں کی مسابقتی دوڑ میں شامل کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ایک پلیٹ فارم پر تقاریب سے جڑی تمام اشیاء کی فراہمی بین الاقوامی تشہیری و کاروباری نظریہ ہے۔ اِس نظریہ کے فروغ کے ذریعہ نہ صرف تجارتی فروغ یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ صارفین و گاہکوں کی سہولت کے بھی کئی ایک اقدامات ممکن ہوسکتے ہیں۔ اُنھوں نے نمائش کے مکمل مشاہدہ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد کہاکہ اِس طرح کی نمائش کے ذریعہ نہ صرف کسی ایک پراڈکٹ یا برانڈ کو تشہیر حاصل ہوگی بلکہ کئی تجارتی اداروں کو بھی تجارتی فائدے حاصل ہونے کا امکان ہے۔ جناب محمد محمود علی نے سہ روزہ نمائش کے آغاز پر منتظمین و تاجرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نمائش کے ذریعہ گاہکوں کو جو سہولت فراہم کی جارہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔
جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اِس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اِس نمائش کے انعقاد کے ذریعہ تقاریب کی خریداری کے خواہشمندوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کی جو کوشش کی گئی ہے وہ قابل مبارکباد ہے۔ چونکہ اِس سے نہ صرف خریداروں کا وقت بچے گا بلکہ وہ ایک چھت تلے مختلف اشیاء کی خریداری کو یقینی بناسکیں گے اور خریداری نہ بھی کی جائے تو اپنی پسند کے انتخاب کے ذریعہ مذکورہ تجارتی اداروں سے گاہک خریداری کرسکتے ہیں۔ افتتاحی تقریب کے بعد سے ہی نمائش میں عوام کا ہجوم دیکھا گیا جوکہ جشن نکاح کے سلسلہ میں لگائی گئی نمائش کے اسٹالس پر خریداری میں مصروف دیکھے گئے۔ جشن نکاح کے انعقاد کے معاونین میں میڈیا پارٹنرس کے طور پر انگریزی روزنامہ ’دی ہندو‘ کے علاوہ ہندی روزنامہ ’ہندی ملاپ‘ اور ’دکن ٹی وی‘ شامل ہیں۔ اِس نمائش میں زیورات، پکوان، ملبوسات و دیگر اشیاء سے متعلق اسٹالس موجود ہیں۔ علاوہ ازیں نمائش میں رئیل اسٹیٹ اور ریسارٹس کے اسٹالس بھی لگائے گئے ہیں۔ نمائش میں آن لائن شاپنگ کے علاوہ دیگر تقاریب سے متعلق اشیاء و ضروریات کے اسٹالس بھی موجود ہیں۔ نمائش کا مشاہدہ کرنے والوں کے لئے تاجرین کی جانب سے خصوصی پیشکش بھی کی جارہی ہے تاکہ نمائش کے مشاہدہ کے دوران گاہکوں بالخصوص خریداروں کو خصوصی پیشکش و رعایت فراہم کی جائے اور اِس نمائش کے انعقاد کو یادگار بناتے ہوئے حیدرآباد میں جشن نکاح کے عنوان سے شروع کی گئی خصوصی پیشکش کو مستقبل میں مزید وسعت دی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT