Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اے آئی سی سی کی ٹیم ریاست میں عوامی نبض ٹٹولنے میں مصروف

اے آئی سی سی کی ٹیم ریاست میں عوامی نبض ٹٹولنے میں مصروف

بس یاترا کے احاطہ والے حلقوں کا دورہ ۔ سینئر قائدین و کارکنوں کی سرگرمیوں پر بھی نظر
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی کی ہدایت پر اے آئی سی سی کی ٹیم حیدرآباد پہونچ گئی ہے۔ اب تک جن اسمبلی حلقوں میں بس یاترا ہوئی ہے اُس کے بعد اے آئی سی سی کی ٹیم اُن حلقوں کا دورہ کرکے عوامی نبض ٹٹولنے کی کوشش کررہی ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ تلنگانہ کانگریس قائدین کو ٹیم سے ملاقات نہ کرنے اور ان کے کام میں مداخلت نہ احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ پرجا چیتنیہ بس یاترا ابھی تک 26 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرچکی ہے۔ اے آئی سی سی ٹیم کے ارکان صدر پردیش کانگریس اتم کمار کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ساتھ ہی ان سے تعاون کرنے اور نہ کرنے والے سینئر قائدین کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جلسوں کو کامیاب بنانے مقامی قائدین کی جستجو پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ اے آئی سی سی ٹیم کانگریس کے امیدواروں کے بارے میں بھی سروے کررہی ہے۔ 2014 ء میں کانگریس کے امیدواروں کی شکست کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ کانگریس قائدین میں کس قائد کو مقبولیت حاصل ہے اور اسمبلی حلقوں میں کون قائدین پارٹی کو مستحکم کرنے جدوجہد کررہے ہیں، کتنے اسمبلی حلقوں میں کانگریس مضبوط ہے اور تھوڑی محنت پر کامیاب ہونے والے کتنے اسمبلی حلقے ہیں اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بس یاترا سے قبل کانگریس کی صورتحال کیا تھی بس یاترا کے بعد کیڈر میں اثرات کیا ہیں اس کی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ اے آئی سی سی ٹیم ابھی تک دو رپورٹس پارٹی ہائی کمان کو روانہ کرنے کی اطلاعات ہیں۔ پتہ چلا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی جنوبی ہند میں کرناٹک کے بعد تلنگانہ میں کانگریس سے پر اُمیدہیں۔ وہ کرناٹک انتخابات میں مصروف ضرور ہیں مگر تلنگانہ پر بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں اور صورتحال پر رپورٹس طلب کررہے ہیں۔ 26 اسمبلی حلقوں میں صرف دو ایسے حلقے ہیں جن کی نمائندگی کانگریس ارکان اسمبلی کرتے ہیں۔ 24 اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس یا ٹی آر ایس میں شامل ارکان اسمبلی ہیں۔ سوائے چند ایک کے تمام حلقوں میں جلسے کامیاب ہوئے ہیں۔ کانگریس انتخابات سے 6 ماہ قبل چند امیدواروں کا اعلان کرنے پر غور کررہی ہے۔ یہاں فہرست میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا جائیگا اس لئے مختلف ایجنسیوں کی خدمات سے استفادہ کرکے طاقتور امیدواروں کے بارے میں عوامی رائے حاصل کی جارہی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی بھی بس یاترا کی رپورٹ تیار کررہے ہیں۔ 15 مئی تک تمام 119 اسمبلی حلقوں میں بس یاترا مکمل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے جس کے بعد وہ رپورٹ راہول گاندھی کو پیش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT