Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اے پی اسمبلی بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ ‘ وائی ایس آر کانگریس کا اعلان

اے پی اسمبلی بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ ‘ وائی ایس آر کانگریس کا اعلان

۔22 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے کا مطالبہ ۔ ہم خود اپوزیشن کا رول ادا کرینگے ‘ تلگودیشم
امراوتی 4 مارچ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے آج کہا کہ وہ ریاستی اسمبلی کے کل سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریگی ۔ برسر اقتدار اتحاد تلگودیشم اور بی جے پی نے ادعا کیا ہے کہ وائی ایس آر کانگریس کے غیاب وہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کا رول ادا کرینگے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس وقت تک اسمبلی سشن کا بائیکاٹ کرے گی جب تک 22 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے اس کے مطالبہ کی تکمیل نہیں کی جاتی ۔ یہ ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس سے انحراف کرکے تلگودیشم میں شامل ہوگئے تھے اور ان میں سے چار چندرا بابو نائیڈو کابینہ کے وزیر بھی ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی اور لیجسلیٹو کونسل میں قائد اپوزیشن اوما ریڈی وینکٹشورلو نے کہا کہ اگر اسپیکر اسمبلی انحراف کرنے والے 22 ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہیں تو ہم پھر یقینی طور پر سشن میں شرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اسپیکر کو دوسری مرتبہ بھی درخواست پیش کی ہے تاکہ ان ارکان کو نا اہل قرار دیا جائے ۔ اس دوران تلگودیشم نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل سے شروع ہونے والے بجٹ سشن میں برسر اقتدار جماعت اور اپوزیشن دونوں کا رول ادا کریگی ۔ ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقاتی عامہ کے سرینواسلو نے کہا کہ ہمارے لیڈر ( چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ) نے واضح طور پر ہمارے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ کسی پس و پیش کے بغیر عوامی مسائل کو اٹھائے اور وہ تعمیری تنقید بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہی حکومت ہیں اور ہم ہی اپوزیشن ہیں۔ ہم کو کسی اور اپوزیشن کی ضرورت نہیں ہے ۔ تلگودیشم قائدین کا کہنا ہے کہ اسمبلی سشن میں پہلے کم از کم 27 مسائل پر خصوصی مباحث ہونگے ۔ ان میں تنظیم جدید آندھرا پردیش قانون 2014 بھی شامل رہے گا ۔ اس کے علاوہ گذشتہ ساڑھے تین سال میں مرکز سے آندھرا پردیش کو ملی امداد ‘ ریاست کے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر اور دیگر مسائل پر بھی مباحث ہونگے ۔ بی جے پی نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ بھی ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کا رول ادا کرنے تیار ہے ۔ بی جے پی فلور لیڈڑ وشنو کمار راجو نے کہا کہ ہم اتحادی ذمہ داری کو برقرار رکھیں گے لیکن ہم عوامی تشویش کے مسائل اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرینگے ۔ عوامی مسائل پر ہم اپوزیشن کا رول ادا کرنے تیار ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز کی امداد پر بی جے پی تلگودیشم کا جواب دینے کی کوشش کریگی ۔

TOPPOPULARRECENT