Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی میں کونسل کی تمام9نشستوں پر تلگودیشم کا قبضہ

اے پی میں کونسل کی تمام9نشستوں پر تلگودیشم کا قبضہ

وائی ایس آر کے طاقتور گڑھ کڑپہ میں جگن کے چچا ویویکانند ریڈی کوشکست

حیدرآباد ۔20مارچ ( سیاست نیوز)آندھراپردیش میں مختلف زمروں کیلئے منعقدہ ایم ایل سی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کے امیدواروں نے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ بالخصوص ضلع کڑپہ میں بھی جو کہ وائی ایس راج شیکھر کے بعد جگن موہن ریڈی کا طاقتور قلعہ تصور کیا جاتا ہے ‘ وہاں بھی ڈاکٹر وائی ایس ویویکانند ریڈی کو شکست ہوئی ۔ اس طرح تلگودیشم پارٹی نے کڑپہ میں راج شیکھر ریڈی کے قلعہ میں دراڑ ڈال دی ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب تلگودیشم امیدوار کو اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ۔ صدر آندھراپردیش تلگودیشم پارٹی مسٹر کلاوینکٹ راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی اقدامات کے باعث پارٹی امیدواروں کو کامیابی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما میں تلگودیشم امیدواروں کو عوامی تائید و مقبولیت اس کامیابی کا ثبوت ہے ۔ کڑپہ کے ایم ایل سی انتخاب میں تلگودیشم امیدوار ایم رویندر ناتھ ریڈی نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار اور جگن موہن ریڈی کے چچا وائی ایس ویویکانند کو شکست دی۔تلگودیشم امیدوار کو جہاں 433ووٹ حاصل ہوئے ‘ وہیں ویوکانند ریڈی نے 399 ووٹ حاصل کئے ۔ حکمراں تلگودیشم پارٹی نے کڑپہ ‘ کرنول اور ایس پی ایس نیلور میں تمام 9کونسل نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کو حیران کردیا ۔ تلگودیشم کے 6امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ۔
300کروڑ روپئے خرچ کئے گئے : وائی ایس آر کانگریس
وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو خریداری کے ماہر ہیں اور ایم ایل سی انتخابات میں یہی کیا گیا ۔وائی ایس آر کانگریس نے حکمراں تلگودیشم پارٹی پر 300کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے رائے دہندوں کو خریدنے کا الزام عائد کیا ۔ پارٹی رکن اسمبلی شریمتی روجا نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں میں ہفتہ واری جمعرات بازار میں جانوروں کی طرح عوامی منتخبہ نمائندوں کو بھاری رقومات کے عوض خریدا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ کو ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پرچہ سوالات کے افشاء پر شرم محسوس نہیں ہوئی ‘ اس کے برعکس وہ ایم ایل سی امیدواروں کی کامیابی کا جشن منارہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT