اے پی میں ایمسیٹ ‘ 8مئی کو منعقد ہوگا

حیدرآباد۔2مارچ ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش کی جانب سے انجنیئرنگ و میڈیسن کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقد کئے جانے والے ایمسیٹ 2015ء کا 8مئی کو انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ قبل ازیں جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں آندھراپردیش ایمسیٹ 2015ء کا 10مئی کو انعقاد عمل میں لایا جانے والا تھا لیکن 10مئی کو دیگر بعض اہم امتحانات منعقد کرنے کیلئے جاری کردہ شیڈولس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر ایک سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد اب ایمسیٹ 2015ء کا 8 مئی کو انعقاد عمل میں لانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور آج شام مسٹر سرینواس راؤ نے تبدیل شدہ شیڈول کا اعلان کیا اور بتایا کہ دیگر کامن انٹرنس ٹسٹس کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں رہے گی ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھراپردیش نے آج پھر ایک بار اس بات کا اعادہ کیا کہ محض مشترکہ انٹرنس ٹسٹ( ایمسیٹ ) منعقد کرنے کیلئے ریاست تلنگانہ کے عدم تعاون کی وجہ سے ہی طلبہ کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے آندھراپردیش حکومت نے ازخود علحدہ ایمسیٹ منعقد کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا اور ایمسیٹ 2015ء کے انعقاد کی مکمل ذمہ داری جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی ( جے این ٹی یو) کاکیناڈا کے تفویض کی گئی ہے اور ایمسیٹ کنوینر کے فرائض مسٹر سائی بابو انجام دیں گے ۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ ریاست آندھراپردیش میں جملہ 250 امتحانی مراکز پر ایمسیٹ امتحان منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آندھراپردیش میں 16مئی کو آئی سیٹ ‘ 14مئی کو ای سیٹ ‘25مئی کو پی جی سیٹ ‘28مئی کو ایڈسیٹ اور 30مئی کو لاسیٹ منعقد کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT