Monday , July 23 2018
Home / Top Stories / اے پی و تلنگانہ میں سنکرانتی کا جوش و خروش

اے پی و تلنگانہ میں سنکرانتی کا جوش و خروش

پریڈ گراؤنڈ پر پتنگ بازی کے مقابلے ‘ میٹھائیوں کا عالمی میلہ‘ حیدرآباد میں مقیم بیرونی افراد بھی شریک

حیدرآباد ۔ 14؍ جنوری (پی ٹی آئی) تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سنکرانتی تہوار کا تین روزہ جشن آج سے شروع ہوگیا ۔ دونوں تلگو ریاستوں کے چھوٹے دیہاتوں اور قصبوں میں زبردست چہل پہل اور گھما گھمی دیکھی گئی ۔ کیونکہ شہری علاقوں میں رہنے والے ہزاروں افراد اپنے آبائی مقامات پر پہونچے تھے ۔تہوار کا پہلا دن روایتی جوش و خروش کے ساتھ بھوگی سے ہوا ۔ بھوگی منٹلو ایک مقدس آگ کو کہا جاتا ہے ۔ جو اس موقع پر گھروں کے روبرو جلائی جاتی ہے ۔ جس میں عام لکڑی کے علاوہ لکڑی کا وہ فرنیچر بھی جلا دیا جاتا ہے جو زیر استعمال نہیں ہوتا ۔ اس آگ میں گھر کی تمام بیکار اشیاء بھی پھینک دی جاتی ہیں ۔ ناکارہ اشیاء کو پھینک دینا دراصل پرانی عادتوں ‘ برائیوں اور مادی اشیاء سے وابستگی کو ترک کرنے کی علامت سمجھاجاتا ہے ۔ خواتین روایتی طور پر اپنے گھروں کے باہر گائے کے گوبر کا چھڑکاؤ کرتی ہوئی رنگار نگ مگولو ’’ نگولی‘‘ بناتی ہیں اور اس پر خوبصورت موسمی پھول سجاتی ہیں ۔ شام کے اوقات بچوں پر روایتی دیسی پھل اور پھول برساتے ہوئے ان کی صحت و خوشحالی کے لئے دعا کی جاتی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے پتنگوں کے تہوار اور میٹھائیوں کے عالمی میلے کا پریڈ گراونڈ پر اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں حیدرآباد میں مقیم 25 ریاستوں کے علاوہ چند بیرونی افراد نے حصہ لیتے ہوئے اپنے آبائی مکانات کی میٹھائیوں کو پیش کیا ۔بچوں کی کثیر تعداد کو چھتوں اور محلہ کے میدانوں سے پتنگ اڑاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ سکندرآباد کے رکن پارلیمنٹ اورسابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے کائیٹ فیسٹیول میں حصہ لیا ۔ تہوار کا دوسرا دن سنکرانتی ہوتاہے ۔ تیسرے اور آخری دن ’’کنوما‘‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے اس روز مویشیوں کی پوجا کی جاتی ہے ۔ حیدرآباد میں مقیم ہزاروں افراد اس تہوار کے لئے اپنے آبائی مقامات پر روانہ ہوگئے تھے ۔ مسافرین کے ہجوم کے پیش نظر دونوں ریاستوں کے روڈٹرانسپورٹ کارپوریشنوں سینکڑوں اضافی بسوں اور ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 147 اضافی ٹرینوں کے ساتھ خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ ہائی وے پر بھاری ٹریفک دیکھی گئی کیونکہ ہزاروں افراد نے اپنی گاڑیوں کے ذریعہ سفر کیا ۔ آندھراپردیش و تلنگانہ کے گورنرای ایس ایل نرسمہن ‘ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی ‘ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن اور دیگر قائدین نے عوام مبارکباد دی ۔

TOPPOPULARRECENT