اے پی کا پولاورم پراجکٹ سال 2018 کے اختتام سے قبل مکمل

چیف منسٹر چندرا بابو کے بیانات پر مرکزی وزیر نتن گڈکری کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر آبی وسائل مسٹر نتن گڈکری نے آج کہا کہ پولاورم آپباشی پراجکٹ کو جنگی خطوط پر مکمل کرلیا جائے گا اور تیقن دیا کہ حکومت آندھرا پردیش کے ساتھ مل کر سال 2018 کے اختتام سے قبل پراجکٹ مکمل کیا جائے گا ۔ پراجکٹ کے مسئلہ پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر نتن گڈکری نے کہا کہ وہ بذات خود جاریہ ماہ 22 دسمبر کو پراجکٹ کا دورہ کر کے اعلی سطحی جائزہ اجلاس کے ذریعہ صورتحال پر غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ہاں ( مرکزی وزارت آبی وسائل کے ہاں ) کوئی ایک بل بھی منظوری کے لیے زیر التواء نہیں ہے اور جب کا تب پولاورم پراجکٹ سے متعلق کاموں کے لیے بلز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی متعلقہ عہدیداروں کو خصوصی ہدایت دی گئی ہے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کے مسئلہ پر مرکز و ریاست کے مابین چند دنوں سے ایک نیا تنازعہ شروع ہوا ہے جس کی روشنی میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس بات کا انتباہ دے رکھا ہے کہ اگر پولاورم پراجکٹ کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کا تعاون حاصل نہ ہونے کی صورت میں پراجکٹ تعمیر کرنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت کے حوالہ کردی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے اس انتباہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی وزیر آبی وسائل مسٹر نتن گڈکری نے کہا کہ ہر پندرہ دن میں ایک مرتبہ بہر صورت پولاورم کا دورہ کر کے پراجکٹ کے جاری کاموں کا جائزہ لیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT