Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اے پی کونسل میں صدرنشین کا عہدہ مسلم قائد کو دیا جائیگا

اے پی کونسل میں صدرنشین کا عہدہ مسلم قائد کو دیا جائیگا

نندیال کی انتخابی مہم کے دوسرے دن مسلم قائدین کے اجلاس میں این چندرابابونائیڈو کا اعلان
حیدرآباد ۔ 20 ؍ اگسٹ (سیاست نیوز) صدر قومی تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابونائیڈو نے اعلان کیا کہ آندھراپردیش قانون ساز کونسل صدرنشین عہدے پر مسلم قائد کو فائز کیاجائیگا۔ حلقہ اسمبلی نندیال کے لئے منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں آج اتوار کے دن اپنی انتخابی مہم کے دوسرے دن روڈ شو کے دوران ایک فنکشن ہال میں مسلم مذہبی قائدین کے ساتھ منظم کردہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر این چندرابابونائیڈو کے ساتھ مسلمانوں کی ہر لحاظ سے فلاح و بہبود کی تلگودیشم حکومت پابند ہے ۔ اس کے باوجود بھی دیگر کوئی مسائل درپیش ہو تو ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے وہ تیار ہیں۔ اجلاس کے دوران مختلف مسلم مذہبی قائدین سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دینے والی حکومت کو ہی عوام بھر پور ساتھ دیا کرتے ہیں۔ لیکن جھوٹے وعدوں کے ذریعہ عوام کی ہتھیلی میں جنت دکھانے والے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی جیسے قائدین پر عوام ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے ۔ مسٹر چندرابابونائیڈو نے ذات پات ‘ مذہب کے نام پر سازشیں کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سیاسی قائد ریاست میں مذہبی فرقہ پرستی کو ہوا دینے کی کوشش کرنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ صدر قومی تلگودیشم پارٹی نے واضح طور پر کہا کہ تلگودیشم پارٹی کے برسراقتدار رہنے تک فرقہ پرستی کو ہوا دینے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ اس طرح کسی بھی کوشش کو سختی کے ساتھ کچل دینے کے حکومت اقدامات کرے گی ۔ مسٹر چندرابابونائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست میں برسراقتدار تلگودیشم پارٹی ریاست کے مسلمانوں کو ہر شعبہ میں ترقی دینے اور انہیں سماج میں اونچا اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں ریاست آندھراپردیش کے سالانہ بجٹ میں بھی مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ رقومات مختص کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور فرقہ پرستی رجحانات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی حکومت اقدامات کرے گی ۔ اس موقعہ پر رکن آندھراپردیش قانون سازکونسل و سینئر قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر این محمد فاروق ‘ محمد احمد شریف ‘ چاند پاشاہ‘ رکن اسمبلی و دیگر اقلیتی تلگودیشم پارٹی قائدین بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT