Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / اے پی کے عازمین کی مسلسل 5 ویں مرتبہ حیدرآباد سے روانگی

اے پی کے عازمین کی مسلسل 5 ویں مرتبہ حیدرآباد سے روانگی

حیدرآباد۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) حج 2018ء کیلئے آندھراپردیش کے عازمین حج مسلسل پانچویں مرتبہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے سعودی عرب پرواز کریں گے۔تلنگانہ حج کمیٹی ان کے لیے تمام تر انتظامات کرے گی۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حج کمیٹیوں کے عہدیداروں کا آج مشترکہ اجلاس حج ہائوز میں منعقد ہوا جس میں حج کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان، ایگزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین احمد مومن حسین، ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت علی اور حج کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی اور بہتر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر شکور نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے فلائٹس کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا ہے لیکن ریاستوں کے اعتبار سے علیحدہ شیڈول کی اجرائی ابھی باقی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ یکم تا 16 اگست چلنے والی 26 فلائٹس کے پہلے مرحلہ میں تلنگانہ کے عازمین کی روانگی عمل میں آئیگی اور دوسرے مرحلہ میں آندھراپردیش کے عازمین روانہ ہونگے۔ حج کیمپ کے سلسلہ میں آندھراپردیش حج کمیٹی اپنے عازمین کے اخراجات کی پابجائی کریگی۔ حج ہائوز سے متصل کھلی اراضی پر واٹر پروف ٹینٹ تعمیر کیا جائے گا جہاں سے ابتدائی تین فلائٹس کے عازمین کو وداع کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو توقع ہے کہ تیسرے قافلے کو وداع کریں گے۔ چوتھے قافلہ سے عازمین کی وداعی حج ہائوز کے سیلر سے عمل میں آئے گی اور کھلی اراضی کا ٹینٹ مکمل طور پر عازمین کی رہائش کیلئے استعمال میں آئے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے زیر تعمیر عمارت کی ایک فلور کو رہائشی سہولت کے ساتھ تیار کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT