Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / بابر اعظم کا مستقبل تانباک:ساوتھی

بابر اعظم کا مستقبل تانباک:ساوتھی

ہملٹن ۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بیٹسمین بابراعظم کی ہملٹن ٹسٹ میں بہتر کارکردگی پر اپنوں کے ساتھ غیروں نے بھی تعریف کی ہے اور ان کے روشن مستقبل کی نوید سنا دی۔میزبان فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی موجودہ فارم کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کا  بین الاقوامی کرکٹ میں مستقبل کافی روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند اضافہ ہیں کیونکہ اپنے پہلے دورہ نیوزی لینڈ میں جس انداز سے انہوں نے کھیل پیش کیا ،وہ متاثر کن ہے۔ان کے پاس  مصباح الحق اور یونس خان سے بھی سیکھنے کا موقع ہے اور جس انداز میں انہوں نے کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس سے لگتا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی وکٹ پر اچھاکھیل سکتے ہیں۔ بابر اعظم کے پاس سادہ ٹیکنیک ہے جس میں وہ کامیاب ثابت ہو رہے ہیں۔ اپنی کارکردگی کے حوالے سے ٹم ساؤتھی نے بتایاکہ دوسرے ٹسٹ میں ہوا سے بڑی مدد مل رہی ہے جبکہ ساتھی بولرز بھی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیڈن پارک میں بہت زیادہ کھیل چکے ہیں اور انہیں یہاں کی وکٹ کا اندازہ ہے اور حالات سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے یہ بات بھی معلوم ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر بولر میں مختلف قسم کی خوبیاں ہوتی ہیں اور نئی گیند جب تک رہتی ہے وہ اہم وقت ہوتا ہے۔ ٹم ساؤتھی کے مطابق بولرز نئی گیند سے جب وکٹیں لیتے ہیں تو مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے اور ہر بیٹسمین کیلئے الگ منصوبہ ہوتا ہے۔ سیڈن پارک کی وکٹ وقت گزرنے کے ساتھ بیٹسمینوں کیلئے بھی سازگار ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT