Wednesday , February 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / بارسلونا اپنے گھریلو میدان میں گول کرنے میں ناکام

بارسلونا اپنے گھریلو میدان میں گول کرنے میں ناکام

بارسلونا۔13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )اسپین کی فٹبال لیگ لا لیگا میں بارسلونا کی ٹیم طویل عرصے بعد گھریلومیدان پر گول بنانے میں ناکام رہی اور جیٹافے کے ساتھ میچ برابری پر ختم ہونے کی وجہ سے اسے قیمتی نشان سے محروم ہونا پڑا۔ بارسلونا کو اپنا پچھلا میچ بھی برابر کھیلنا پڑا تھاتاہم وہ خطاب کی دوڑ میں اب بھی نشانات کے جدول میں سر فہرست ہے۔ دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔بارسلونا میں کھیلے گئے میچ کے دوران جیٹافے کے دفاعی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کسی مرحلے پر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں سمیت بارسلونا ٹیم کو نہ صرف حاوی ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا بلکہ گول کرنے سے بھی روکے رکھا جو سابق چیمپیئن ٹیم کیلئے خفت کا باعث بنا۔گزشتہ میچ میں لیونل میسی کو آرام کا موقع دیا گیا تھا اور اس میچ میں وہ شامل تھے لیکن ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے۔ نومبر2016ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب بارسلونا کی ٹیم اپنے گھریلو میدان پر ہوئے کسی لالیگا میچ میں گول نہیں کر سکی۔ایک مرحلے پر میسی کو گول کرنے کا موقع ملا تاہم حریف کھلاڑی ڈیمین سواریز نے گیند کو ان سے دور کردیا۔آخری لمحات میں لوئس سواریز گیند کو جیٹافے کے جال میں پہنچانے میں کامیاب تو ہو گئے تاہم آف سائیڈ ہوجانے کی وجہ سے گول منسوخ ہو گیا۔بارسلونا اور اس کی قریب ترین ٹیم ایٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان7جبکہ دفاعی چیمپیئن اور روایتی حریف رئیل میڈرڈ کے درمیان 17نشانات کا فرق ہے اور اس سیزن میں بارسلونا کے چیمپیئن بننے کے امکانات روشن ہیں۔

TOPPOPULARRECENT