Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / بارسلونا نے 27 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

بارسلونا نے 27 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

بارسلونا ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسپینی فٹبال کلب بارسلونا نے اسپینش فٹبال میں اپنی کامیابیوں کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے لگاتار 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ بارسلونا نے لیونل میسی کی شاندار فری کک اور جیرارڈ پی کے گول کی بدولت سیویلا کو 2-1 سے شکست دی۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بارسلونا نے لگاتار 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا اسپینی لیگ کا ریکارڈ برابر کردیا۔ 1988-89ء کے سیزن میں رئیل میڈرڈ نے 34 میچوں تک ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ بنایا تھا اور اگر بارسلونا جمعرات کو رایو ویلے کانو کے خلاف میچ میں فتح اپنے نام کرتی ہے تو وہ نیا ریکارڈ بنا دے گی۔ فتح کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود بارسلونا کی ٹیم نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے دوسرے نمبر موجود ایٹلیٹکو میڈرڈ پر آٹھ پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے جسے تیسرے نمبر پر موجود ریال میڈرڈ پر چار پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ تاہم یہ کارکردگی بھی بارسلونا کے منیجر لوئس اینریک کو خوش کرنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی اور انہوں نے کہا کہ وہ صرف ٹائٹل جیت کر ہی مطمئن ہو سکتے ہیں۔ اہوں نے کہا کہ ریکارڈز مجھے کچھ نہیں بتاتے، اگر ہم ٹائٹل جیتتے ہیں تو ٹھیک ورنہ ریکارڈ سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیزن کے پہلے دن سے ہی ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ یہی ہمارا اصل مقصد ہے اور ہم بہتر پوزیشن میں ہیں، اب ہمیں چمپئن بننے کیلئے درکار پوائنٹس جیتنے کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT