Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / بارش سے متاثرہ خاندانوں سے کانگریس قائدین کی ملاقات

بارش سے متاثرہ خاندانوں سے کانگریس قائدین کی ملاقات

مقامی عوام کے مسائل پر تبادلہ خیال ، حکومت کی بے اعتنائی پر شدید تنقید
حیدرآباد۔/4اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا نے حیدرآباد میں طوفانی بارش سے ہلاک ہونے والے افراد کے ارکان خاندان کو نظرانداز کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ مہلوکین کے ورثاء سے ملاقات کرتے ہوئے مقامی عوام سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پیر کے دن ہوئی بارش سے بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 کے نائیڈو نگر ہنگڑی کنٹہ میں دیوار منہدم ہونے سے ہلاک ہونے والے دونوں باپ بیٹے کے افراد خاندان سے آج آر سی کشٹیا نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر، سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔ آر سی کنٹیا نے بارش سے متاثرہ عوام سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے آگہی حاصل کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے شہر حیدڑآباد کو امریکہ کے شہر ڈیلاس کے طرز پر ترقی دینے کا اعلان کیا ہے تاہم تھوڑی سی بارش سے حیدرآباد کے ترقیاتی اقدامات کی قلعی کھل گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں شہر کی ترقی کیلئے بلند بانگ دعوے کئے گئے جس پر آج تک کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ گزشتہ سال بارش سے حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی ، ماضی کے تلخ تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ 10تا13 سنٹی میٹر بارش سے شہر حیدرـآباد جھیل میں تبدیل ہوگیا ، تین دن گذرنے کے باوجود آج بھی کئی علاقے پانی میں محصور ہیں۔ سرکاری مشنری عوام کو راحت فراہم کرنے کے معاملے میں بے بسی کا مظاہرہ کررہی ہے اور حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے۔ سابق ریاستی وزیر ڈی ناگیندر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت صرف تشہیر تک محدود ہے اور عملی اقدامات صفر ہیں۔ جن علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے وہاں کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ شہر حیدرآباد کو ترقی دینے اور ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کے صرف اعلانات کئے جارہے ہیں مگر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ سڑکوں کی خستہ حالت ہے، ٹریفک مسائل میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے، گھنٹوں ٹریفک جام ہونے سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کا ساتھ دے گی۔ ہلاک ہونے والے افراد کے متاثرین کو پارٹی کی جانب سے مالی امداد بھی کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT