Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / بارش سے متاثرہ سڑکوں کی اندرون 48 گھنٹے درستگی،کمشنر بلدیہ بی جناردھن ریڈی کی ٹھیکہ داروں کو تاکید

بارش سے متاثرہ سڑکوں کی اندرون 48 گھنٹے درستگی،کمشنر بلدیہ بی جناردھن ریڈی کی ٹھیکہ داروں کو تاکید

حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) بارش کے سبب خراب ہونے والی تمام سڑکوں کو فوری درست کرنے اور مورم اندازی کے ذریعہ ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال کرنے کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے تمام ٹھیکہ دارو ںکو تاکید کی کہ وہ کسی بھی حالت میں اندرون 48گھنٹہ شہر کی تمام سڑکوں کی درستگی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ہونے والی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔گذشتہ تین یوم سے جاری رہنے والی بارش کے سبب شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گڑھوں کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہے اور محکمہ ٹریفک پولیس نے جی ایچ ایم سی کو اس جانب متوجہ کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا ہے کہ شہر میں ٹریفک جام کے جو مسائل پیش آرہے ہیں ان کی بنیادی وجہ شہر کی ناقابل استعمال سڑکیں ہیں جن کے سبب گاڑیوں کی رفتار سست ہونے لگی ہے اور ٹریفک جام رہنے لگا ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے توجہ دہانی کے بعد جی ایچ ایم سی نے فوری سڑکوں کی مرمت کے کاموں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہر کی اہم سڑکوں پر مرمتی کاموں کی شروعات کردی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں نے اس سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مصروف ترین سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر مرمت کو ممکن بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اسی فیصلہ کے تحت دفتری علاقوں اور تجارتی علاقوں کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی کے اطراف و اکناف کی سڑکوں کی عاجلانہ مرمت کی ہدایت دی گئی ہے اور نامپلی‘ سیف آباد‘ خیریت آباد‘ پنجہ گٹہ‘ بیگم پیٹ ‘ سوماجی گوڑہ‘ مہدی پٹنم‘ ٹولی چوکی‘ آصف نگر کے علاوہ دیگر علاقوں کی سڑکوں کو بھی فوری بہتر بنانے کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ان مصروف ترین علاقو ںمیں ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہونے پائیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے دونوں شہروں کے علاوہ بلدی حدود میںسڑکوں کی صورتحال کے متعلق مکمل تفصیلی رپورٹ تیار کرتے ہوئے انہیں پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ مابقی سڑکوں کی تعمیر اور ان کی خراب حالت کا جائزہ لیا جاسکے اور ان کی مرمت کے متعلق اقدامات کو ممکن بنایا جا سکے۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ بارش کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت ان کنٹراکٹرس کے ذریعہ ہی کروائی جائے گی جنہوں نے سڑک کی تعمیر کا ٹھیکہ لیا تھا اور وہ سڑکیں قبل از وقت خراب ہوگئیں۔

TOPPOPULARRECENT