Sunday , August 19 2018
Home / شہر کی خبریں / بارش کی پرواہ کئے بغیر ہریش راؤ کالیشورم پراجکٹ پہنچ گئے

بارش کی پرواہ کئے بغیر ہریش راؤ کالیشورم پراجکٹ پہنچ گئے

زیر زمین کاموں کا مشاہدہ ، مقررہ وقت پر تکمیل کے لئے انجینئرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 12 ۔جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راو ریاست میں آبپاشی پراجکٹس اور خاص طور پر کالیشورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے پراجکٹ کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے شخصی طور پر کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے گزشتہ دو دنوں کے دوران کالیشورم پراجکٹ سائیڈ کا دورہ کرتے ہوئے پمپ ہاؤز اور دیگر کاموں کا معائنہ کیا۔ شدید بارش کے باوجود ہریش راؤ نے مختلف مراحل میں جاری کاموں کے سلسلہ میں انجنیئرس سے معلومات حاصل کی ۔ دھرمارم اور پدا پلی میں مختلف مقامات پر ہریش راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت آنے والے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کنالس کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کناپلی میں پمپ ہاؤز کی تعمیری کام کا جائزہ لیتے ہوئے اپنے دورہ کا آغاز کیا۔ انہوں نے انجنیئرس کو ہدایت دی کہ 15 جولائی تک چاروں پمپ ہاؤز کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے گراویٹی کنال میں جاری 29 تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ ان میں سے 23 کام اختتامی مراحل میں ہے۔ ہریش راؤ نے پدا واگو میں زیر زمین ٹنل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کام میں تیزی پیدا کرنے کیلئے مزید 200 مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ضرورت ہو زائد لیبر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے انجنیئرس کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تعمیری کاموں کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤ بھی پراجکٹس کے تعمیری کاموں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہرش راؤ نے انارم بیاریج کے تعمیری کاموں کا جائزہ لینے کے بعد رات میں گیسٹ ہاؤز میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ انجنیئرس نے بتایا کہ 22 گیٹس کے منجملہ 15 کے کام کا آغاز ہوچکا ہے ۔ 20 جولائی تک گیٹس کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ آئندہ 10 دنوں میں پھر ایک مرتبہ کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کریں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT