Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / بارک اوباما آئی ایس آئی ایس کے بانی ہیں : ڈونالڈ ٹرمپ

بارک اوباما آئی ایس آئی ایس کے بانی ہیں : ڈونالڈ ٹرمپ

امریکی صدر کے درمیانی نام ’ حسین ‘ کا بھی حوالہ ۔ ریپبلکین صدارتی امیدوار کا فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب

سن رائز ( امریکہ ) 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈونالڈ ٹرمپ نے صدر بارک اوباما پر داعش گروپ ( آئی ایس آئی ایس ) کو قائم کرنے کا الزام عائد کیا جو اب مشرق وسطی سے یوروپی شہروں تک دہشت مچا رہا ہے ۔ ایک ہی لمحہ بعد دوسرے موضوع پر ٹرمپ نے بارک اوباما کا مکمل قانونی نام بارک حسین اوباما کا حوالہ دیا ۔ فلوریڈا میں لاڈیرڈیل میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ کئی اعتبار سے آپ جانتے ہیں کہ وہ لوگ صدر اوباما کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ وہ ( اوباما ) آئی ایس آئی ایس کے بانی ہیں ‘ ۔ انہوں نے تین مرتبہ اس الزام کو دہرایا ۔ ریپبلیکن صدارتی امیدوار نے ماضی میں اپنی ڈیموکریٹ حریف ہیلاری کلنٹن پر عسکری گروپ کو فنڈز فراہم کرنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ کل سے وہ بارک اوباما پر تنقیدیں کر رہے ہیں اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ در اصل ہیلاری کلنٹن اس گروپ ( آئی ایس آئی ایس ) کی شریک بانی ہیں۔ ٹرمپ ایک طویل عرصہ سے اوباما اور ان کی سابق سکریٹری آف اسٹیٹ ہیلاری کلنٹن پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ مشرق وسطی کے تعلق سے ایسی پالیسیاں رکھتے ہیں جن کے نتیجہ میں عراق میں اقتدار کا خلا پیدا ہوا ہے

اور آئی ایس کی جانب سے اس کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے اس اعلان پر اوباما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ عراق سے اپنی افواج کو واپس طلب کرلیں گے ۔ اس فیصلہ پر اوباما کے کئی ناقدین نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں ایسا عدم استحکام پیدا ہوگا جس سے آئی ایس جیسے گروپس کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ وائیٹ ہاوز نے ٹرمپ کے ان الزامات پر تبصرہ سے گریز کیا ہے ۔ آئی ایس گروپ نے ابتداء میں عراق میں القاعدہ کے مقامی حصے کے طور پر کام کرنا شروع کیا تھا ۔ اس گروپ نے بعد میں عراق میں شیعہ گروپس کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا ۔ مقامی گروپ کے اس وقت کے لیڈر ابو مصعب الزرقوی کو امریکہ کے ایک فضائی حملے میں 2006 میں ہلاک کردیا گیا تھا تاہم ابھی تک انہیں اس گروپ کا بانی سمجھا جاتا ہے ۔ اوباما کو آئی ایس آئی ایس کا بانی قرار دینا اور ان کے درمیانی نام حسین کا ٹرمپ کی جانب سے حوالہ دیا جانا اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے بارک اوباما کی وفاداریوں پر بھی سوال کیا تھا ۔ جون میں جب ایک مبینہ آئی ایس کارکن نے اورلینڈو فلوریڈا کے نائیٹ کلب میں فائرنگ کرکے 49 افراد کو ہلاک کردیا تھا ٹرمپ نے اس وقت بھی کہا تھا کہ اوباما اس گروپ کے تعلق سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ بارک اوباما مسلمان ہیں اور ان کے آباو اجداد کا کینیا سے تعلق ہے ۔

TOPPOPULARRECENT