Monday , December 18 2017
Home / جرائم و حادثات / بالسٹی کھیت میں غیر شادی شدہ خاتون کی پراسرار موت

بالسٹی کھیت میں غیر شادی شدہ خاتون کی پراسرار موت

قتل کا شبہ، پولیس میں شکایت کرنے والا سابق ساتھی ملازم زیر حراست

حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بالسٹی کھیت نور خاں بازار میں ایک نوجوان خاتون کا قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب 35 سالہ زینت جو عابڈس میں ملبوسات کے شوروم ’’روپ سنگم‘‘ میں سیلز گرل کی حیثیت سے ملازمت کیا کرتی تھی، علاقہ بالسٹی کھیت میں واقع ایک مکان میں گزشتہ تین سال سے تیسری منزل پر کرایہ کے مکان میں مقیم تھی۔ زینت جوکہ غیرشادی شدہ تھی ،کا نامعلوم افراد نے آج دوپہر اس کے مکان میں قتل کردیا جس کے سبب بالسٹی کھیت علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ دبیرپورہ پولیس کو اس واقعہ کا اُس وقت پتہ چلا جب مقتولہ کا سابق ساتھی ملازم سید محسن اُسے کرایہ کی رقم حوالے کرنے کیلئے اس کے مکان آیا تھا جہاں پر زینت مردہ پائی گئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سید محسن نے آج شام دبیرپورہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر مسٹر مٹیا کو اس واقعہ کی اطلاع دی اس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فوری مقام واردات پر پہونچ گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس میرچوک ڈیویژن مسٹر گنگا دھر نے مقام واردات پر پہنچ کر سٹی پولیس کے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کیا اور وہاں سے اہم شواہد اکٹھا کئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ زینت کا قتل منہ پر تکیہ رکھ کر کیا گیا۔ چونکہ اس کی ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ محسن نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ زینت نے اسے آج فون کرکے اس سے 3,000/- روپئے کرایہ کی رقم طلب کی تھی۔ پولیس نے محسن کو حراست میں لیتے ہوئے اسے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے زینت کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد ہی قتل کی اصل وجہ معلوم ہوگی۔ دبیرپورہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT