Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / بانی جامعہ نظامیہ کی معرکۃ الآراء تصنیف حقیقۃ الفقہ (اول و دوم) کی اشاعت

بانی جامعہ نظامیہ کی معرکۃ الآراء تصنیف حقیقۃ الفقہ (اول و دوم) کی اشاعت

حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( پریس نوٹ) : علومِ اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ کے بانی حضرت شیخ الاسلام امام محمد انوار اللہ فاروقی قدس سرہ العزیز نے 1330 ھ میں علومِ اسلامیہ کی نادرکتب کی اشاعت کے لئے مجلس اشاعت العلوم جامعہ نظامیہ کا قیام عمل میں لایا، حضرت شیخ الاسلام نے زمانہ کے تقاضے اور ضرورت کے مطابق جو کتب قوم و ملت کے لئے مفید ہوسکیں اسکی طباعت کا حکم دیا۔ مولانا علیہ الرحمۃ کی ایک معرکۃ الآراء تصنیف حقیقۃ الفقہ اول و دوم کی رسمِ اجراء بموقع سیمینار منعقدہ 15 فروری ، اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم ہال باغ عامہ میں مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدرنشین مجلس اشاعت العلوم کے دستِ مبارک سے عمل میں آئی۔ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ نے ’’حقیقۃ الفقہ‘‘ کو دو حصوں میں تصنیف فرمائی۔ اس میں فقہ کی تاریخ بتلائی اور اس کی تدوین میں فقہاء نے جو مصیبتیں اٹھائیں اس کو ظاہر فرمایا جس سے فقہ پر عائد ہونے والے اعتراضات خود بخود دور ہوجاتے ہیں اس طرح عقل و نقل سے یہ بھی ثابت کیا کہ قرآن و حدیث سے احکام مستنبط کرنا ہر شخص کا کام نہیں بلکہ احکام کے استنباط کرنے والوں میں چند شرائط کا پایاجانا ضروری ہے ورنہ اس کے استنباط میں بجائے ہدایت کے گمراہی کا احتمال ہے۔غرض کہ بانی جامعہ کی یہ تصنیف قابل دید و قابل مطالعہ ہے۔ حقیقۃ الفقہ دوحصوں میں علیحدہ علیحدہ تھی اسکو یکجا کرکے جدید کمپیوٹر کتابت اور آفسیٹ پرنٹنگ پر دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ کثیر صرف سے مولانا ابوحمد موسیٰ بن عبد الجلیل باحجاج العجاج مولوی عالم جامعہ نظامیہ حال مقیم شارجہ متحدہ عرب امارات نے طبع کروائی ہے۔ اس کتاب کی قیمت 300/- روپئے رکھی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT