Wednesday , June 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے سکیورٹی میں مزید اضافہ

باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے سکیورٹی میں مزید اضافہ

میلبورن۔23 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فلنڈرس اسٹریٹ اسٹیشن کے نزدیک ہوئے کار حملے کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین26 دسمبر سے کھیلے جانے والے چوتھے ایشیز ٹسٹ سے قبل یہاں سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ اس میچ کیلئے91 ہزارسے زیادہ شائقین کے آنے کی امید ہے ۔میلبورن میں جمعرات کو فلنڈرس اسٹیشن کے نزدیک ایک کار ارادتاً بھیڑ میں گھس گئی اور لوگوں پر چڑھ گئی۔ پولس نے اسے سوچی سمجھی سازش قراردیا ہے ۔اس واقعہ میں14 تا 16 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ پولیس نے اس واقعہ کے بعد ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میلبورن میں26 دسمبر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے میلبورن میں ہیں۔ یہ حادثہ میچ کے مقام ایم سی جی سے دوکلومیٹر سے بھی کم دوری پر ہوا ہے جس سے کھلاڑیوں کے ساتھ یہاں آنے والے ہزاروں لوگوں کی سکیورٹی بھی باعث تشویش ہے ۔اس معاملے میں وکٹوریہ پولیس لگاتار تحقیقات کررہی ہے لیکن احتیاط کے طور پر اس علاقے کی سکیورٹی میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ کردیا ہے ۔ پولیس عہدیدار ڈینیل اینڈریوز نے کہا کہ اس علاقے میں کافی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بگ بیش، کرسمس، باکسنگ ڈے ٹسٹ یا نئے سال کے لئے وکٹوریہ پولیس فورس کی تعداد میں کافی اضافہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس باکسنگ ڈے ٹسٹ سے عین قبل ایم سی جی اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کی سکیورٹی سخت کرنی پڑی تھی۔ میچ سے پہلے وکٹوریہ پولیس نے ممکنہ حملے کا اندیشہ کے پیش نظر کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اس دوران پولیس فیڈریشن اسکوائر، فلنڈرس اسٹریٹ اسٹیشن اور سینٹ پال کیتھڈرل پر کرسمس کے دوران ممکنہ حملے کے معاملے میں سات لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT