Saturday , June 23 2018
Home / Top Stories / باہمی و عالمی امور پر مودی اور پوٹین کی ثمر آور بات چیت

باہمی و عالمی امور پر مودی اور پوٹین کی ثمر آور بات چیت

ہند ۔ روس تعلقات کے نئی بلندیوں پر پہونچنے کا یقین ۔ وزیر اعظم ہند اور صدر روس کی غیر رسمی چوٹی ملاقات ۔ تفصیلی تبادلہ خیال

سوچی ( روس ) 21 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریند رمودی نے آج کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹین کے ساتھ ان کی بات چیت انتہائی ثمر آور رہی ہے اور دونوں قائدین نے ہندوستان و روس کے مابین تعلقات کی جملہ نوعیت کا جائزہ لیا ہے ۔ اس کے علاوہ دونوں قائدین نے عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ دونوں قائدین کی یہ بحر اسود کے ساحلی شہر میں اولین غیر رسمی چوٹی ملاقات تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے مابین تعلقات آزمودہ ہیں اور یہ تعلقات آئندہ برسوں میں نئی بلندیوں تک پہونچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین حکمت عملی شراکت کے جو بیج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور صدر پوٹین نے بوئے تھے اب وہ انتہائی اہمیت اختیار کرگئے ہیں اور یہ ایک بڑی کامیابی ہیں۔ مودی نے کہا کہ وہ صدر پوٹین کے شکرگذار ہیں جنہوں نے انہیں غیر رسمی ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا ۔ دونوں ملکوں کے مابین طویل برسوں کی دوستی میں یہ ایک نیا پہلو ہے جو باہمی دوستی سے مربوط ہوا ہے ۔ انہوں نے صدر پوٹین سے کہا کہ انہوں نے باہمی تعلقات میں ایک نئے پہلو کا اس غیر رسمی چوٹی ملاقات سے آغاز کیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایک عظیم موقع ہے اور اس سے اعتماد پیدا ہوتا ہے ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے خصوصی اور رعایتوں پر مبنی حکمت عملی شراکت کو فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے اور یہ بات عالمی امن و استحکام میں اہم عنصر ہے ۔ دونوں نے اس خیال سے اتفاق کیا کہ ہندوستان اور روس کو ایک کھلے اور مساوی عالمی نظام میں اہم رول ادا کرنا ہے ۔ دونوں نے ایک دوسرے کے رول سے بھی اتفاق کیا جو عالمی طاقت کے طور پر انہیں ادا کرنے ہیں اور ان کی ذمہ داریوں کے تعلق سے بھی بات چیت کی گئی جو عالمی امن و استحکام میں ان پر عائد ہوتی ہیں۔ دونوں قائدین نے اہم بین الاقوامی مسائل پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے ایک ہمہ جہتی عالمی نظام کی تعمیر کی اہمیت سے اتفاق کیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے کئی مسائل بشمول انڈو ۔ پیسیفک علاقہ کے تعلق سے ایک دوسرے سے مسلسل مشاورت اور رابطوں سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ دونوں قائدین نے اپنے اپنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہندوستان میں جاریہ سال کے اواخر میں منعقد ہونے والی چوٹی کانفرنس کے تعلق سے نوٹ تیار کریں۔ دونوں نے ہندوستان میں نیتی آیوگ اور روس کی معاشی ترقی وزارت کے مابین جامع مذاکرات سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ دونوں نے توانائی کے شعبہ میں باہمی تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ کہا گیا ہے کہ دونوں قائدین نے دہشت گردی اور انقلابی جذبات کے فروغ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کا اس کی ہر شکل میں مقابلہ کیا جائیگا ۔ دونوں نے افغانستان میں امن و استحکام بحال کرنے کی اہمیت سے بھی اتفاق کیا ۔ دونوں نے فوجی ‘ سکیوریٹی اور نیوکلئیر توانائی کے شعبہ جات میں باہمی تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ان شعبہ جات میں جاری تعاون کا خیر مقدم بھی کیا ہے ۔ صدر پوٹن نے وزیر اعظم مودی کا سوچی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دورہ سے باہمی تعلقات کو نئی جہت حاصل ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT