Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / بجٹ 2016-17 کی تیاریوں کا عملا ًآغاز

بجٹ 2016-17 کی تیاریوں کا عملا ًآغاز

مختلف محکمہ جات سے اجرائی و خرچ کی تفصیلات کی طلبی
حیدرآباد۔/27اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے تمام محکمہ جات سے جاریہ سال بجٹ کی اجرائی اور خرچ سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔ اسکے علاوہ کارکرد اسکیمات اور غیر کارکرد اسکیمات کی فہرست طلب کی گئی تاکہ آئندہ مالیاتی سال کے بجٹ میں غیر کارکرد اسکیمات کو ختم کیا جائے۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ اجلاس میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تمام محکمہ جات سے کہا کہ وہ جاریہ سال بجٹ خرچ کی تفصیلات کے ساتھ آئندہ سال بجٹ کی تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے تمام محکمہ جات سے کہا کہ وہ اپنے ڈپارٹمنٹس میں بعض نئی منفرد اسکیمات کی تجویز حکومت کو پیش کریں تاکہ انہیں آئندہ بجٹ میں شامل کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف سکریٹری نے بعض محکمہ جات میں بجٹ کے خرچ اور اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بہتر کارکردگی کی ہدایت دی۔ ان محکمہ جات میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی کے علاوہ اقلیتی بہبود کے محکمہ جات شامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت فلاحی اسکیمات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے لیکن بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ محکمہ جات حوصلہ افزاء نتائج فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ تمام محکمہ جات کو آئندہ سال بجٹ کیلئے تجاویز پیش کرنے اور انہیں درکار بجٹ کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس طرح حکومت نے مالیاتی سال 2016-17 بجٹ کی تیاری کا آغاز کردیا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی محکمہ جات کے علاوہ اقلیتی بہبود سے بجٹ کے خرچ اور خاص طور پر اہم اسکیمات پر عمل آوری کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اقلیتی بہبود کیلئے مختص 1131 کروڑ کے بجٹ میں مختلف اسکیمات کیلئے 995 کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ اقلیتی بہبود میں کئی ایسی اسکیمات ہیں جن پر جاریہ سال عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا۔ حکومت نے تمام محکمہ جات اور اداروں سے انکے ملازمین اور تنخواہوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT