Friday , June 22 2018
Home / دنیا / بحرِ ہند میں لاپتہ طیارہ کی زیرِ آب تلاش شروع

بحرِ ہند میں لاپتہ طیارہ کی زیرِ آب تلاش شروع

پرتھ ، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے لاپتہ طیارہ ایم ایچ 370 کو ڈھونڈنے کیلئے دو بحری جہازوں نے جمعہ کو جنوبی بحرِ ہند میں زیرِ آب تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ بحری جہاز ایسے آلات سے لیس ہیں جو لاپتہ طیارہ کے بلیک باکس کے سگنل کو زیرِآب ڈھونڈ نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جمعہ کو اس تلاشی مہم میں 14 طیارے اور نو بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا یہ مسافر بردار طیارہ 8 مارچ کو لاپتہ ہو گیا تھا جبکہ اس پر 239 افراد سوار تھے۔

ملائیشیا نے مختلف ممالک کے مصنوعی سیاروں سے ملنے والی تصاویر کی بنیاد پر کہا تھا کہ طیارہ کی موجودگی کے آخری شواہد بحرِہند کے جنوبی علاقے میں پائے گئے تھے، لیکن ابھی تک اس طیارے کا ملبہ کہیں سے بھی نہیں ملا ہے۔ تلاش کی اس مہم کی سربراہی آسٹریلیا کر رہا ہے۔ لاپتہ طیارہ کی تلاش کا مرکز اس وقت پرتھ سے 1700 کلو میٹر کے فاصلے پر 217000 مربع کلو میٹر کا علاقہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے اس تلاش میں وقت کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ بلیک باکس کی بیٹری 7 اپریل تک ہی سگنل بھیج سکتی ہے جس کا مطلب ہے بلیک باکس سے چند دن تک ہی سگنل آئیں گے۔ اس طیارے کو گم ہوئے تین ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن عدیم النظیر سرچ مشن کے باوجود ابھی تک اس کا ایک بھی ٹکڑا نہیں مل سکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT