Monday , November 20 2017
Home / عرب دنیا / بحرین مذہبی روادار ملک، امریکی تنظیم کی رپورٹ

بحرین مذہبی روادار ملک، امریکی تنظیم کی رپورٹ

مناما ۔8مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مملکت بحرین میں مختلف مذاہب اور عقیدوں کے ماننے والے لوگ مقیم ہیں اور اس ملک میں انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ صبر و تحمل ایثار و رواداری بحرین کی خصوصیات میں سے چند خصوصیات ہیں۔ حال ہی میں یونائیٹیڈ اسٹیٹ کمیشن آن انٹرنیشنل ریلیجن فریڈم (USCIRF) کی تیار کردہ ایک عالمی رپورٹ منظر عام پر آئی جس میں بحرین کی زبردست ستائش کی گئی۔ اس رپورٹ میں بحرین کو اپنے دامن میں مختلف مذاہب اور عقائد کے ماننے والوں کو جگہ دینے کے معاملہ میں علاقہ کے سب سے زیادہ روادار ملکوں میں سے ایک ملک قرار دیا گیا۔ آپ کو بتادیں کہ یو ایس سی آئی آر ایف دنیا بھر کے ملکوں میں مذہبی آزادی اور رواداری کے بارے میں امریکی حکومت کو مشورے دیتی ہے۔ دی گلف ڈیلی نیوز میں ایک رپورٹ شائع ہوئی جس میں بتایا گیا کہ مذکورہ امریکی ادارہ کی رپورٹ میں بحرین میں مذہبی رواداری کے بارے میں جو کچھ کہا گیا وہ جملہ 31 ملکوں میں کئے گئے تجزیات اور جائزوں کی بنیاد پر کہا گیا ہے۔ اس عالمی جائزہ کی رپورٹ سفارشات کے ساتھ امریکی صدر اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور امریکی کانگریس کو بھی پیش کی گئی جس میں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے فروغ پر زور دیا گیا۔ رپورٹ میں بحرین کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا گیا کہ علاقہ کے دیگر ممالک کی بہ نسبت بحرین غیر مسلم اقلیتی طبقات کے ساتھ مذہبی رواداری کے معاملہ میں سب سے آگے ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا بحرین میں کام کرنے والے نصف سے زیادہ افرادی قوت غیر مسلم ہے اور حقیقت یہ ہے کہ اس ملک میں دیگر مذاہب و عقائد کے ماننے والوں کا خندہ پیشانی سے خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT