Wednesday , December 13 2017
Home / عرب دنیا / بحرین میں روبوٹک کار پارکنگ کا منصوبہ

بحرین میں روبوٹک کار پارکنگ کا منصوبہ

مناما ۔13ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بحرین میں کار پارکنگ ایک مسئلہ بن چکی ہے، لہذا حکام اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ ایک ایسا کار پارک تیار کیا جائے، جہاں کم جگہ میں زیادہ سے زیادہ کاریں پارک کی جاسکیں۔ آٹو میٹیڈ پارکنگ سسٹمس (اے پی ایس) یا روبوٹک پارکنگ ایک ایسا طریقہ کار ہوگا، جس کے ذریعہ کم سے کم جگہ میں زیادہ سے زیادہ کاریں ٹھہرائی جاسکیں گی۔ مختلف اوپن باکسس بالکل کسی پہیے کی طرح گھومتے ہوئے رکھے جائیں گے اور ان باکسس میں کاروں کو بھردیا جائے گا۔ یہ طریقہ کار جاپان میں بے حد مقبول ہے۔ بہرحال اس سے بھی زیادہ عصری نوعیت کا خودکار سسٹم بھی موجود ہے، جو روبوٹک ویلٹ سے تعبیر کیا جاتا ہے،
جو بالکل میکانکی انداز میں کار کو اٹھاکر ایک خالی باکس میں منتقل کردیتا ہے۔ محرق میونسپل کونسل نے اس سلسلے میں اے پی ایس کو متعارف کرنے کی تجویز پر غور و خوض کیا، جس کے صدر نشین محمد السنان ہیں۔ مشاورت کے دوران السنان نے مجوزہ طریقہ کار کی بھرپور تائید کی۔ عوام کو اس بات کی شکایت ہے کہ محرق میں پارکنگ کے لئے جگہ انتہائی ناکافی ہے –
جس کی یکسوئی کے لئے مؤثر اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ اس طریقہ کار کو مغربی ممالک کے علاوہ سعودی عرب میں پہلے ہی متعارف کیا جاچکا ہے اور ان کا کامیاب اطلاق بھی ہوچکا ہے۔ مسٹر السنان نے بتایا کہ اس نئے طریقہ کار کے اطلاق کے لئے 15,000 مزید پارکنگ مقامات کی ضرورت پیش آئے گی۔ بدبختی کی بات یہ ہے کہ اس تجویز پر ناکافی فنڈس کی وجہ سے گزشتہ سال عمل آوری نہیں ہوسکی، لیکن اب صورت حال مختلف ہے۔ یہ ہماری ترجیحات میں شامل ہو گئی ہے اور اس کی یکسوئی عاجلانہ طورپر کی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی کاروں کی تعداد میں کمی کریں۔ کئی خاندان ایسے ہیں جہاں بیک وقت پانچ تا سات کاریں استعمال کی جاتی ہیں۔ آج کل یہ فیشن بن گیا ہے کہ خاندان کا ہر فرد اپنی شخصی کار کا خواہاں ہے۔ فی الحال محرق میں چار نئے کار پارک فوری طورپر شروع کئے جانے کا منصوبہ ہے، جس میں ہالہ شہر بھی شامل ہے۔ یہاں کے کار پارکنگ لاٹ کی چھت پر باغیچہ بھی ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT