Tuesday , January 23 2018
Home / جرائم و حادثات / بدنام زمانہ روڈی شیٹر ایوب خاں دوبئی فرار ہونے میں کامیاب

بدنام زمانہ روڈی شیٹر ایوب خاں دوبئی فرار ہونے میں کامیاب

حیدرآباد سٹی پولیس کے عہدیدار حیرت کا شکار ، تفصیلات اکٹھا کرنے میں مصروف ایس ایم بلال

حیدرآباد سٹی پولیس کے عہدیدار حیرت کا شکار ، تفصیلات اکٹھا کرنے میں مصروف
ایس ایم بلال
حیدرآباد۔ 25 اگست۔شہر کے بدنام زمانہ روڈی شیٹر ایوب خاں پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر دوبئی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ایڈوکیٹ منان غوری قتل کیس میں ہائیکورٹ کی جانب سے بری کئے جانے کے بعد وہ کچھ عرصہ تک وشاکھاپٹنم میں مقیم تھا اور بعدازاں اس نے مبینہ طور پر اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کیا تھا جس کے نتیجہ میں اس کے خلاف گزشتہ ماہ چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ چادر گھاٹ علاقہ میں واقع ایک مکان مالک کو مبینہ طور پر دھماکے اور غیرمجاز طور پر داخلے کی کوشش کے الزام میں چادر گھاٹ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری تھی۔ حال ہی میں کمشنر پولیس حیدرآباد نے شہر کے دو بدنام زمانہ روڈی شیٹر جنگلی یوسف اور قیصر کو پی ڈی ایکٹ (انسداد غنڈہ ایکٹ) کے تحت گرفتار کرکے ایک سال کے لئے جیل بھیج دیا تھا۔ پولیس سے بچنے اور اپنے حریف گروپس سے محفوظ رہنے کیلئے وہ دوبئی فرار ہوگیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ روڈی شیٹر ایوب خاں کی دوبئی منتقلی کی اطلاع ملنے پر حیدرآباد سٹی پولیس کے عہدیدار حیرت زدہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ کالا پتھر پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر ایوب خان اور اس کے ساتھیوں کو ایڈوکیٹ منان غوری کے قتل کیس میں آندھرا پردیش ہائیکورٹ نے جاریہ سال 9 اپریل کو بری کیا تھا اور وہ وشاکھاپٹنم سنٹرل جیل سے رہا ہونے کے بعد مبینہ طور پر دوبارہ سرگرم ہوگیا۔ پولیس ایوب خاں سے متعلق تفصیلات اکٹھا کرنے میں مصروف ہے۔

TOPPOPULARRECENT