بدنام زمانہ سارق گرفتار، مسروقہ رقم و اشیاء ضبط

حیدرآباد۔/2مارچ، (سیاست نیوز) روپوشی میں سرقہ کی وارداتیں انجام دینے والے ایک بدنام زمانہ سارق کو سی سی ایس ملکاجگری پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 26 سالہ اے ستیش عرف سنتوش جو بوڈاپل میڑچل علاقہ کا ساکن کاکناڈا علاقہ کا متوطن بتایا گیا ہے۔ تین مرتبہ جیل کی سزا کاٹنے کے بعد دو سال قبل ستیش جیل سے رہا ہوا تھا اور اس کے بعد سے وہ روپوش ہوگیا تھا۔ راچہ کنڈہ حدود میں اس نے 10 وارداتیں انجام دی تھی۔ مکانات میں سرقہ کا عادی تھا اور جیل سے رہائی کے بعد بھی وہ ان حرکتوں سے باز نہیں آیا ہے۔ پولیس اس کی تلاش میں تھی۔ پولیس نے اس سارق کی گرفتاری کے بعد اس کے قبضہ سے 47 گرام طلائی زیورات اور 150 گرام چاندی، ایک ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ سی سی ایس پولیس کے مطابق ضبط شدہ اشیاء کی مالیت ایک لاکھ 48ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ستیش نے جواہر نگر پولیس حدود میں2 ، ملکاجگیری میں ایک اور ناچارم حدود میں دو وارداتیں انجام دیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس بدنام زمانہ سارق کو سال 2006 میں کاکناڈا، سال 2008 میں وشاکھاپٹنم، اور سال 2010 میں مریادرم پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا۔ سال 2015 میں چیرلہ پلی سنٹرل جیل سے رہائی کے بعد سے ستیش غائب ہوچکا تھا اور روپوشی میں بھی سرقہ کی وارداتیں انجام دے رہا تھا جس کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT