Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / برازیل کا ہونڈوراس اور نائجرکا آج گھانا سے مقابلہ

برازیل کا ہونڈوراس اور نائجرکا آج گھانا سے مقابلہ

 

l برازیل کو کوچی کے شائقین کی حمایت حاصل رہے گی
l نائجر کے خلاف گھانا کے کوچ کو سخت مقابلے کی اُمید

نوی ممبئی ؍ کوچی ۔17 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) گروپ مرحلے میں اپنے تمام مقابلوں میں فتوحات حاصل کرنے والی شمالی امریکہ کی طاقتور فٹبال ٹیم برازیل کل یہاں پری کوارٹر فائنل میں ہونڈوراس کے خلاف کامیابی کیلئے پھر ایک مرتبہ پسندیدہ موقف میں موجود ہے اور وہ فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہے۔ چوتھے خطاب کے تعاقب میں موجود برازیل نے گروپ ڈی کے اپنے تمام مقابلے بہ آسانی جیتے ہیں، جیسا کہ اس نے ورلڈ کپ کی رواں مہم کا آغاز خطاب کی مضبوط دعویدار ٹیم اسپین کے خلاف 2-1 سے کیا ، جس کے بعد شمالی کوریا اور نائجر کو 2-0 کے فرق سے شکست دیتے ہوئے 16 ٹیموں کے مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے جہاں اب اس کامقابلہ گروپ ای میں تیسرے مقام پر موجود ہونڈوراس سے ہورہا ہے ۔ دوسری جانب ہونڈوراس کے لئے پری کوارٹر فائنل مقابلہ آسان نہیں ہوگا ، حالانکہ برازیل کو اپنے اہم کھلاڑی وینسیس جونیر کی خدمات حاصل نہیں ہے لیکن اس کے دو اہم کھلاڑی لینکولین اور پولینہو نے اپنے درمیان پانچ گول اسکور کئے ہیں۔ جیسا کہ ٹیم نے گروپ مرحلے میں چھ گول بنائے ہیں ۔ کوچی کے جواہر لال نہرو انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی عوام بھی برازیل کی حمایت میں اپنے جوش و جذبہ کاا ظہار کرے گی جس کی وجہ سے ہونڈوراس کیلئے حالات مزید مشکل ہوں گے ۔ کوچی کے شائقین ٹورنمنٹ میں آخری مرتبہ برازیلی کھلاڑیوں کو اپنے گھریلو میدان میں ایکشن میں دیکھیں گے کیونکہ اُمید ہیکہ 22 اکتوبر کو کولکتہ میں کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں وہ رسائی حاصل کرے گی جہاں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا جس نے اپنے گزشتہ پری کوارٹر فائنل مقابلے میں کولمبیا کو 4-0 سے شکست دی جہاں نئی دہلی کے فٹبال شائقین کو جرمنی کی جانب سے یکطرفہ مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔ علاوہ ازیں نوی ممبئی میں انڈر 17 فٹبال ورلڈ کپ کا پری کوارٹر فائنل مقابلہ ٹورنمنٹ میں پہلی مرتبہ رسائی حاصل کرنے والی ٹیم نائجر کا سامنا گھانا سے ہوگا ۔ اس ضمن میں گھانا کے کوچ سائمیول فائبین نے کہا ہے کہ نائجر حالانکہ پہلی مرتبہ ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی ہے لیکن اس کے کھلاڑیوں کی خوداعتمادی کافی بلند ہے جس کی وجہ سے ہماری ٹیم کیلئے مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ اس مقابلے سے قبل یہاں ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے گھانا کے کوچ سائمیول نے کہاکہ یہ مقابلہ یقینا ایک سخت ترین مقابلہ ہوگا کیونکہ حریف ٹیم کے کھلاڑی خود اعتمادی سے لبریز ہیںاور ہم ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں جس کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ یہ مقابلہ کافی مسابقتی ہوگا لیکن ہم کامیابی کے لئے پرعزم ہیں ۔ دوسری جانب نائجر کے کوچ اسمعیل تیموکو نے کہا کہ گھانا کے خلاف آفریقین نیشنس کپ میں ہم دو دوستانہ مقابلے کھیلے ہیں جس میں ہمیں ناکامی ہوئی لیکن ہم اس مقابلے میں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔

TOPPOPULARRECENT