Monday , June 25 2018
Home / دنیا / برطانوی حکومت نے 70ملین پونڈ کے جرمانے معاف کردیئے

برطانوی حکومت نے 70ملین پونڈ کے جرمانے معاف کردیئے

لندن 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری اعداد و شمار سے انکشاف ہوا ہے کہ حکومت نے گزشتہ سال فوجداری عدالتوں کے عائد کردہ 70 ملین پونڈ کے جرمانے معاف کردیئے۔ وزیر انصاف شائلش وارا نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق عدالتوں کی جانب سے 2012-13 ء میں عائد کئے گئے 7 کروڑ 58 لاکھ 68 ہزار 426 پونڈ کے جرمانے انتظامی طور پر منسوخ کردیئے گئے۔ یہ رقم 2009-10 ء میں معاف کئے گئے جرمانوں کی رقم سے 30 ملین پونڈ زیادہ تھی۔ شیڈو وزیر انصاف صادق خان نے کہاکہ فوجداری عدالتوں کے عائد کردہ جرمانے معاف کئے جانے کو متاثرہ افراد اپنی توہین محسوس کریں گے۔

اس کے علاوہ جرمانے کی رقم کی معافی سے قومی خزانے کو بھی نقصان ہوا۔ صادق خان جنھوں نے مسلسل پارلیمانی سوالات کے ذریعہ یہ اعداد و شمار ظاہر کرائے ہیں، کہاکہ جرمانے کی رقم کی وصولی میں ناکامی نااہلی ہے اور اس کا سبب مخلوط حکومت کی جانب سے بجٹ میں کٹوتی ہے جس کی وجہ سے ہر میجسٹی کورٹس اور ٹریبونلس سرویسز کی جانب سے جرمانوں کی رقم وصول کرنے والے عملے کی تعداد جوکہ ڈسمبر 2011 ء میں ایک ہزار 786 تھی کم ہوکر ڈسمبر 2013 ء میں 1335 رہ گئی۔ جس کی وجہ سے معاف کئے گئے جرمانوں کی رقم ایک سال میں 40 ہزار پونڈ سے بھی تجاوز کرگئی۔ صادق خان نے کہاکہ یہ افسوسناک اعداد و شمار ہیں جن سے متاثرہ افراد اپنی توہین محسوس کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ عدالتیں جرمانہ سزا کے طور پر عائد کرتی ہیں یہ کوئی اختیاری یا اضافی چیز نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT