Friday , November 24 2017
Home / دنیا / برطانیہ : دہشت گردی سے متعلق جرائم و گرفتاریوں میں اضافہ

برطانیہ : دہشت گردی سے متعلق جرائم و گرفتاریوں میں اضافہ

370 محروسین میں بڑے دہشت گردانہ حملوں کے ملزمین بھی شامل ۔ دفتر داخلہ کا ادعا
لندن 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں گذشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردی سے متعلق جرائم کے سلسلہ میں گرفتار کئے گئے افراد کی تعداد میں ریکارڈ 68 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ آج جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ برطانوی دفتر داخلہ کے بموجب جاریہ سال کے دوران دہشت گردی سے متعلق جرائم کے سلسلہ میں 370 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور یہ گذشتہ سال ملک بھر میں ہوئی گرفتاریوں سے زیادہ ہے ۔ برطانیہ میں دہشت گردی سے متعلق جرائم کے سلسلہ گرفتاریوں کا ریکارڈ 2001 سے رکھا جارہا ہے ۔ دفتر داخلہ نے اپنے سہ ماہی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان گرفتاریوں میں وہ 12 گرفتاریاں بھی شامل ہیں جو ویسٹ منسٹر برج اور ویسٹ منسٹر پیلس پر مارچ میں کئے گئے حملہ کے سلسلہ میں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ 23 گرفتاریاں مانچسٹر میں 22 مئی 2017 کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے سلسلہ میں ہوئی ہیں۔ 21 گرفتاریاں 3 جون 2017 کو لندن برج پر ہوئے حملے کے سلسلہ میں ہوئی ہیں ۔ ایک گرفتاری 19 جون کو فنس بری پارک مسجد حملہ کے سلسلہ میں کی گئی ہے ۔ اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ جملہ گرفتاریوں میں 105 افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق الزامات وضع کئے گئے ہیں جبکہ 32 افراد کو خاطی بھی قرار دیا گیا ہے ۔

جملہ 68 افراد مقدمہ کے انتظار میں ہیں۔ کہا گیا ہے کہ برطانوی جیلوں میں دہشت گرد قیدیوں کی تعداد میں بھی گذشتہ سال کی بہ نسبت 35 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ دفتر داخلہ نے کہا کہ جو لوگ 30 جون تک جیل میں تھے ان میں 91 فیصد نام نہاد اسلامی شدت پسند نظریات کے حامل ہیں جبکہ 5 فیصد نے دائیں بازو کے نظریات کا اظہار کیا ہے ۔ جو لوگ گرفتار کئے گئے ہیں ان میں اکثریت 30 سال تک عمر والے افراد کی ہے ۔ یہ لوگ برطانوی اور ایشیائی نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور جو لوگ گرفتار کئے گئے ہیں ان میں ایک تہائی سے زائد سفید فام ہیں۔ کہا گیا ہے کہ محروسین میں تین تہائی تعداد کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دیا گیا ہے جس سے اشارہ ملتا ہے کہ ان کے یا تو بیرونی گروپس سے تعلقات ہیں یا وہ ان گروپس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ ان میں آئی ایس گروپ بھی شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے جملہ 600 تلاشیاں برطانوی دہشت گردی قانون کے تحت کی گئی ہیں ۔ ان تلاشیوں میں 8 فیصد میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ گذشتہ سال برطانیہ میں 19 دہشت گردانہ منصوبوں کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT