Saturday , November 18 2017
Home / عرب دنیا / برطانیہ سے ہند۔ پاک مذاکرات کی بحالی میں کردار ادا کرنے پاکستان کی اپیل

برطانیہ سے ہند۔ پاک مذاکرات کی بحالی میں کردار ادا کرنے پاکستان کی اپیل

اسلام آباد، 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے برطانیہ پر زور دیا ہے کہ وہ پاک ہند مذاکرات کی بحالی اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سر مارک لیال گرانٹ سے ملاقات میں کہا کہ ‘اس خطے سے تاریخی وابستگی ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے برطانیہ زور دے کہ ہندوستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل بحال کرے تاکہ دونوں ملک پر امن طریقے سے اپنے اختلافات حل کرسکیں’۔اس موقع پر طارق فاطمی نے برطانوی عہدے دار کو ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے جبکہ طارق فاطمی نے مارک گرانٹ کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ڈان نیوز کے مطابق سر گرانٹ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا۔طارق فاطمی نے اس موقع پر افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی جس میں افغان حکومت کی قیادت میں چار فریقی رابطہ گروپ کے تحت مفاہمتی عمل بھی شامل ہے ۔معاون خصوصی نے پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT