Thursday , January 17 2019

برطرف رانیل وکرما سنگھے دوبارہ وزیراعظم بن گئے

سری لنکا میں سیاسی بحران ختم ، حلف برداری تقریب کا انعقاد ، پارلیمنٹ اور قوم کی جیت : نئے وزیراعظم

کولمبو ۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے برطرف کیے گئے وزیرِاعظم رانیل وکرماسنگھے کو دوبارہ ملک کا وزیرِ اعظم منتخب کرلیا۔عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وکراماسنگھے نے صدر سے اپنی وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔رانیل وکرماسنگھے نے دوبارہ وزیرِاعظم بننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام دیا جس میں انہوں نے اسے نہ صرف اپنی اور اپنی جماعت کی بلکہ پارلیمنٹ اور پوری سری لنکن قوم کی جیت قرار دیا۔انہوں نے ملکی آئین کا دفاع کرنے اور اپنی حمایت پر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔خیال رہے کہ سری لنکا میں سیاسی بحران اس وقت پیدا ہوا جب رواں برس اکتوبر میں صدر میتھری پالا سری سینا نے وزیرِ اعظم رانیل وکرماسنگھے کو اچانک ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔صدر نے وزیرِ اعظم کو برطرف کرنے کے بعد سابق صدر مہندا راجا پکسے کو سری لنکا کا نیا وزیرِ اعظم مقرر کردیا تھا۔ سری لنکا کی سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے صدارتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کی تیاری روکنے کا حکمدیا تھا۔ بعدِ ازاں ہنگامی طور پر پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس میں 225 اراکین پر مشتمل اسمبلی کی اکثریت نے اس تحریک کو کامیاب بنایا۔تاہم مہندا راجا پکسے نے اجلاس کے دوران دعویٰ کیا کہ اسپیکر انہیں محض ’زبانی ووٹ‘ کے ذریعے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹانے کا اختیار نہیں رکھتے جس پر مخالف سیاسی جماعت طیش میں آگئی اور چیمبر کے گرد لڑائی شروع ہو گئی۔ خیال رہے کہ سری لنکا میں کسی سیاسی جماعت کو اکثریت حاصل ہونے کے باوجود صدرِ مملکت کو یہ استحقاق حاصل ہوتا ہے کہ وہ نئے وزیراعظم کا انتخاب کرسکے۔رواں ماہ دسمبر کے آغاز میں سری لنکا کی عدالت نے مہندا راجا پکسے کے بطور وزیر اعظم اختیارات کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ ان کی کابینہ قانونی جواز ثابت ہونے تک ملک پر حکومت نہیں کرسکتی۔ 15 دسمبر کو متنازع انداز میں سری لنکا کے وزیرِاعظم بننے والے مہندا راجا پکسے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی قوم کے وسیع تر مفاد میں استعفیٰ دیا۔یاد رہے کہ رواں برس اپریل کے مہینے میں بھی صدر میتھری پالا سری سینا اور وزیرِ اعظم سنگھے کے درمیان تنازع کی وجہ سے صدر نے ایک ماہ کیلئے پارلیمنٹ کو معطل کردیا تھا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT