Sunday , February 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / برف کی جھیل پر 2 ٹوئنٹی 20 مقابلوں کا اعلان

برف کی جھیل پر 2 ٹوئنٹی 20 مقابلوں کا اعلان

نئی دہلی۔23نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق جارحانہ اوپنر ویریندر سہواگ اور پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر دیگر اسٹارز کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ میں برف پر کرکٹ کھیلیں گے۔الپائن ریزورٹ پر آئندہ برس فروری میں دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔ ویریندرسہواگ، مہیلا جے وردھنے، لسیتھ مالنگا، جیک کیلس جیسے کھلاڑی ٹھنڈے ماحول کو اپنے ایکشن سے گرمائیں گے، کھلاڑیوں کو50 ہزار ڈالر تک معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ یہ میچز 8 اور 9 فروری کو سینٹ مورٹز کی ایک منجمند جھیل پر کھیلے جائیں گے جس میں شعیب اختر، سہواگ، محمد کیف، مہیلا جے وردھنے، لسیتھ مالنگا، مائیک ہسی، گرائم اسمتھ، جیک کیلس، ڈینیئل ویٹوری، ناتھن میک کولم، گرانٹ ایلوئٹ، مونٹی پنیسر اور اویس شاہ جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس ایونٹ کو سینٹ مورٹز آئس کرکٹ کا نام دیا گیا اور اس کا اہتمام ایک ہندوستانی اسپورٹس فرم نے کیا، جس کا دعویٰ ہے کہ اس نے آئی سی سی سے اجازت لے لی ہے۔ ایونٹ کی رونمائی ہوئی جس میں سہواگ بھی شریک تھے، انھوں نے کہاکہ میں نے برف پر2 میچز کھیلنے کیلیے ہاں کرنے میں دو منٹ بھی نہیں لیے، یہ میرے لیے ایک دلچسپ تجربہ ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ میچز سرخ گیند کے ساتھ کھیلے جائیں گے، باقی کرکٹ سامان وہی رہے گا تاہم اسپائیکس کے بجائے عام اسپورٹس شوز پہنے جائیں گے، اسٹار پلیئرز کو 40 سے 50 ہزار ڈالرز جبکہ باقی کو 20 سے 30 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT