برقی سربراہی کو مؤثر بنانے کی حکمت عملی

جاریہ ماہ شہر و اضلاع میں برقی استعمال میں ریکارڈ اضافہ‘ مزید اضافہ ممکن
حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) شہر میں جاریہ ماہ کے دوران برقی کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دنو ں شہر میں برقی کی طلب میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں بڑھ رہی برقی طلب اور آئندہ موسم گرما کے پیش نظر شہر کے بیشتر علاقو ںمیں برقی سربراہی کو مؤثر بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ موسم گرما کے دوران غیر معلنہ برقی کٹوتی کو روکا جائے اور تمام سب اسٹیشن کی مرمت کو ممکن بنالیا جائے۔ شہر میں گذشتہ دنوں کے دوران گرمی کی تمازت میں اضافہ کے سبب برقی کھپت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ برقی کے مطابق گذشتہ 5برسوں کے دوران شہر حیدرآباد کے حدود میں جنوری اور فروری سے ہی برقی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے لیکن اس مرتبہ جنوری کی ابتداء سے ہی برقی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جسے دیکھتے ہوئے موسم گرما کے دوران معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ گذشتہ 5برسوں کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں برقی صارفین کی تعداد میں 10فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس اعتبار سے طلب میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں حیدرآباد میں ہی موسم گرما کے دوران سب سے زیادہ برقی استعمال کی جارہی ہے اور یہ سلسلہ 2009سے ہی ریکارڈ کیا جا رہاہے متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں بھی موسم گرما کے دوران برقی کے استعمال میں سرفہرست تھا اور اب بھی توقع کی جا رہی ہے کہ شہر میں برقی کے استعمال میں اضافہ ہی ریکارڈ کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے ذرائع کے مطابق شہرمیں ماہ جنوری 2018کے دوران 49.19 ملین یونٹ استعمال کی گئی ہے جبکہ ماہ ڈسمبر کے دوران 41.5ملین یونٹ برقی سربراہ کی گئی ہے اور اسی طرح عام طور پر ماہانہ جو برقی استعمال کی جا رہی ہے وہ مجموعی اعتبار سے 45.79 ملین یونٹ تک پہنچ چکی ہے۔ جنوری 2016 میں شہر حیدرآباد میں جو برقی استعمال ہوئی تھی 38.79 ملین یونٹ تھی اور 2015 جنوری میں 36.56 ملین یونٹ برقی استعمال کی گئی تھی۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں آبادی کے اضافہ کے علاوہ گرمی میں اضافہ کے ساتھ ہی ائیر کنڈیشن کے استعمال میں اضافہ کے سبب برقی کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور محکمہ برقی کی جانب سے اس طلب کو پورا کرنے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT