Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / برقی شرحوں میں اضافہ کی تردید

برقی شرحوں میں اضافہ کی تردید

اسمبلی میں ادئے اسکیم مسئلہ پر جگدیش ریڈی اور کشن ریڈی میں لفظی تکرار
حیدرآباد۔/22مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے برقی شرحوں میں اضافہ کرنے کی تردید کی ۔ ادئے اسکیم کے مسئلہ پر وزیر برقی اور بی جے پی کے رکن اسمبلی کشن ریڈی کے درمیان لفظی تکرار ہوگئی۔ بی جے پی کے ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ کر احتجاج کیا۔ جگدیش ریڈی نے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے کا ثبوت پیش کرنے پر ناک زمین پر رگڑنے کا اعلان کیا بصورت دیگر بی جے پی کے ارکان کو یہی عمل دہرانے کا چیلنج کیا۔ برقی کے مطالبات زر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی این وی ایس ریڈی نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد برقی شرحوں میں اضافہ کرنے کے عوام میں شکوک پائے جارہے ہیں اس کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مرکز کی ادئے اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے چپہ چپہ میں برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے ادئے اسکیم کا آغاز کیا ہے مگر حکومت تلنگانہ نے اس اسکیم میں تاخیر سے شمولیت اختیار کی ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ کو نقصان پہنچا ہے۔ ان ریمارکس پر وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ادئے اسکیم سے تلنگانہ کو مرکز سے ایک روپیہ بھی گرانٹ نہیں مل رہی ہے۔ مکتوبات اور جوابی مکتوبات سے تاخیر ہوئی ہے۔ مرکز نے ریاست سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی ہے۔ باوجود اس کے حکومت تلنگانہ نے اندرون 6 ماہ برقی مسائل پر قابو پالیا ہے اور عوام کو بلاوقفہ موثر برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ وہ چیلنج کرتے ہیں جن ریاستوں میں بی جے پی برسراقتدار آئی ہے وہاں اندرون 6 ماہ برقی مسائل پر قابو پاکر دکھائے۔ قائد مقننہ بی جے پی جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے رکن اسمبلی این وی ایس ریڈی نے وزیر کے جواب پر احتجاج کرتے ہوئے پوڈیم کے قریب پہنچ گئے اور وزیر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر لکشمن بھی ارکان اسمبلی کے سامنے والی نشست پر پہنچ کر احتجاج کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے بی جے پی کے احتجاجی ارکان کو سمجھایا۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے قریب پہنچ کر کشن ریڈی کو سمجھایا لیکن بی جے پی ارکان نے ایک نہیں سنی۔ وزیر امور مقننہ ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے ارکان اسمبلی کو اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے اپنی اپنی نشستوں پر پہنچ کر اپنی بات کرنے کی اپیل کی، اور وزیر برقی نے کونسے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا ہے اس کی وضاحت کرنے پر زور دیا ہے۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی کے ارکان اسمبلی ثبوت پیش کردیں تو وہ زمین پر ناک رگڑتے ہوئے الفاظ واپس لیں گے۔ بصورت دیگر بی جے پی کے ارکان کو زمین پر ناک رگڑنے پر زور دیا۔ ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی نے بی جے پی کے ارکان کو سمجھایا کہ وہ اپنا احتجاج ختم کریں اور اپنی نشستوں پر لوٹ جائیں وہ ریکارڈ چیک کریں گے اگر کوئی غیر پارلیمانی الفاظ ہے تو اس کو ریکارڈ سے حذف کردیا جائے گا۔ بی جے پی ارکان کے احتجاج کے دوران تمام مطالبات زر منظور کرلئے گئے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT