Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / برقی و آبرسانی بقایاجات کی معافی، غریبوں کیلئے نئے سال کا تحفہ

برقی و آبرسانی بقایاجات کی معافی، غریبوں کیلئے نئے سال کا تحفہ

شہر کا ہر طبقہ کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے مطمئن، ایم ہنمنت راؤ صدر گریٹر ٹی آر ایس کا بیان
حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کے صدر ایم ہنمنت راؤ نے حکومت کی جانب سے شہر میں 6 لاکھ غریب خاندانوں کو برقی اور آبرسانی کے بقایا جات کی معافی کو غریبوں کیلئے نئے سال کا تحفہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے غریبوں کی زندگی خوشحال بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ گریٹر حیدرآباد میں کوئی علاقہ سلم اور پسماندہ نہ رہے بلکہ ہر علاقہ میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے 418کروڑ کے برقی اور آبرسانی کے بقایا جات کی معافی سے متعلق اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس نے کہا کہ غریبوں کیلئے جھونپڑیوں کی جگہ دو بیڈرومس کے مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں اور حیدرآباد کے حدود میں کئی اسمبلی حلقوں میں مکانات کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اسمبلی حلقوں میں اس اسکیم کے آغاز کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کو غریب پرور قرار دیا اور کہا کہ ہر غریب خاندان کے چہرے پر خوشحالی بحال کرنا ٹی آر ایس حکومت کا عہد ہے۔ گزشتہ 18ماہ میں حکومت نے حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے اور شہر کا کوئی علاقہ پانی اور برقی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے غریبوں کے ماہانہ وظیفہ کی رقم میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ راشن شاپس سے چاول اور دیگر غذائی اجناس رعایتی قیمتوں پر سربراہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے مسئلہ کے مستقل حل کیلئے دو ذخائر آب کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس پر بہت جلد عمل آوری کی جائے گی۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ شہر کے تمام طبقات چیف منسٹر کی قیادت میں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی طبقات کی طرح غریب مسلم خاندانوں میں لڑکی کی شادی کے موقع پر 51ہزار روپئے کی امداد سے متعلق شادی مبارک اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے جس سے اقلیتوں کو کافی راحت ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آئندہ مالیاتی سال سے بی سی اور او بی سی طبقات کو بھی اس اسکیم کے دائرہ میں شامل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ شہر کے حدود میں برقی کے 128کروڑ اور آبرسانی کے 290کروڑ روپئے کے بقایا جات کی معافی کا تاریخی فیصلہ ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ ہے۔ کسی بھی حکومت نے آج تک غریبوں کی بھلائی اور ان کی معاشی تکالیف کا خیال کرتے ہوئے اس طرح کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو 17ہزار کروڑ کے قرضہ جات کی معافی پر عمل آوری جاری ہے اور چیف منسٹر نے اسی طرز پر گریٹر حیدرآباد کے 6لاکھ غریب خاندانوں کے برقی اور آبرسانی بقایا جات معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے اور بلدی انتخابات میں پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ چیف منسٹر کی پیش قیاسی کے مطابق ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد کی 80 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا میئر منتخب کرے گی۔ انہوں  نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے عوام ورنگل کی طرح ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس کسی بھی جماعت سے کوئی مفاہمت یا اتحاد نہیں کرے گی بلکہ اپنی طاقت کے بل پر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب برقی اور آبرسانی کے بقایا جات کے سلسلہ میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اور کونسل کی نشستوں کے انتخابات کے بعد اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلان اور رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT