Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / برقی پر ٹی آر ایس کا بحث سے راہ فرار : سمپت کمار

برقی پر ٹی آر ایس کا بحث سے راہ فرار : سمپت کمار

کانگریس کا چیلنج ، ہر اسکیم بے قاعدگیوں کا شکار ، کانگریس رکن اسمبلی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن اسمبلی سمپت کمار نے کہا کہ برقی مباحث سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے ۔ اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور محمد علی شبیر سے مباحثہ کرنے ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی سمن کی حیثیت نہیں ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ چیلنج کرنے والے ٹی آر ایس کے قائدین کانگریس کی جانب سے اس کو قبول کرنے کے بعد مباحث میں شرکت کرنے کے بجائے اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی اور محمد علی شبیر سے مباحث کرنے کی بہانہ بازی کی ہے ۔ کانگریس قائدین یادگار تلنگانہ کے پاس گھنٹوں انتظار کرتے رہے مباحث سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے ۔ برقی معاہدوں ، نئے پراجکٹس کا سنگ بنیاد اور خانگی برقی کمپنیوں سے برقی خریدی میں بڑے پیمانے کی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ اس کا سامنا کرنے کے لیے حکمران ٹی آر ایس تیار نہیں ہے ۔ وزیر برقی کو اس مسئلہ پر بات کرنے کا بھی اختیار نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی نے برقی بے قاعدگیوں کے خلاف جو آواز اٹھائی تھی اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائدین بی سمن ، پی راجیشور ریڈی اور بھانو پرساد نے ریونت ریڈی کو کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا تھا ۔ ریونت ریڈی کی جانب سے چیلنج قبول کرنے اور دن و تاریخ کا تعین کرنے کے باوجود ٹی آر ایس قائدین مباحث سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے حکومت ٹی آر ایس کی عزت کو برسر عام نیلام کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ریاست میں برقی سربراہی کے معاملے میں جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کانگریس کے کارنامہ کو اپنا کارنامہ قرار دیتے ہوئے سارے ملک کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ کانگریس پارٹی آج سارے ثبوتوں کے ساتھ پہونچی تھی ۔ تاہم ٹی آر ایس قائدین مباحث میں حصہ نہ لیتے ہوئے اپنی شکست قبول کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی ہر اسکیم بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا شکار ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT