Thursday , December 13 2018

برقی کے زیادہ استعمال سے نکلنے والی رطوبت سے آلودگی میں اضافہ

ای سی ایم کا نیشنل انرجی کنزرویشن ویک ، چندرا موہن اور گوپال کرشنا کی پریس کانفرنس

ای سی ایم کا نیشنل انرجی کنزرویشن ویک ، چندرا موہن اور گوپال کرشنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : انرجی کنزرویشن مشن (ECM) انسٹی ٹیوشنس آف انجینئرس ( انڈیا ) کے زیر اہتمام جاریہ ماہ 14 تا 20 دسمبر ’ نیشنل انرجی کنزرویشن ویک ‘ منعقد ہوگا اور اس ایک ہفتہ طویل تقریب کے دوران Save energy and save environment پر سماج کے تمام شعبہ حیات میں برقی کی بچت اور آلودگی کے تحفظ سے متعلق شعور بیدار کرنے کے ضمن میں مختلف پروگرامس جیسے تحریری و تقریری مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ آج یہاں چیرمین انرجی کنزرویشن مشن انسٹی ٹیوشن آف انجینئرس انڈیا مسٹر چندرا موہن ، وائس چیرمین مسٹر گوپال کرشنا نے پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ دور جدید میں انسان اپنی ضروریات زندگی کو عیش و آرام اور تمام تر سہولتیں حاصل کرتے ہوئے اپنی شایان شان زندگی گزارنے کے لیے برقی کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے میں مصروف ہے جس کے نتیجہ میں ایک جانب برقی کا بیجا صرفہ ہورہا ہے تو دوسری جانب برقی کے زیادہ استعمال کے نتیجہ میں برقی کی گرمی سے نکلنے والی رطوبت سے آلودگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج برقی کی بچت اور آلودگی کے تحفظ سے متعلق سماج کے ہر شہری میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے اور بتایا کہ انرجی کنزرویشن مشن کا سال 2003 میں قیام عمل میں آیا اور یہ مشن گذشتہ 10 سال سے انرجی کنزرویشن یعنی برقی کے تحفظ سے متعلق عوام میں شعور بیداری کی خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ برقی کے بیجا استعمال سے گریز کریں اور برقی کو حسب ضرورت ہی برتیں ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ معیاری برقی اشیاء خریدیں تاکہ برقی کی بچت کو یقینی بناتے ہوئے خود اپنے مالیہ کی بھی بچت ہوسکے ۔ انہوں نے عوام سے یہ بھی خواہش کی کہ وہ برقی کے زیادہ استعمال کی بجائے ’ سولارسسٹم ‘ کے تحت قدرتی ذریعہ سے برقی کو حاصل کر کے استعمال کریں جو انتہائی فائدہ بخش ذریعہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آج تعلیمی ادارہ جات ، انڈسٹریز ، آفسیس ، کمرشیل ادارے اور اپارٹمنٹس میں برقی کا بے جا استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے مذکورہ ادارہ جات سے اپیل کی کہ وہ برقی کی بچت میں خصوصی دلچسپی لیں اور برقی کی بچت سے متعلق منعقدہ نیشنل انرجی کنزرویشن ویک میں حصہ لیتے ہوئے معلومات حاصل کریں ۔ اس موقع پر سابق چیرمین مسٹر بی این راؤ ، شاداں ویمنس انجینئرنگ کالج پروفیسر سبا رائیڈو اور ونگ کمانڈر ( ریٹائرڈ ) ایرفورس مسٹر نندا کمار بھی موجود تھے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT