Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / بشارالاسد کا اچانک دورہ ماسکو، پوٹن سے ملاقات

بشارالاسد کا اچانک دورہ ماسکو، پوٹن سے ملاقات

باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں پر اظہارتشکر، مکمل تائید کیلئے روس کا تیقن
ماسکو ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شام کے صدر بشارالاسد نے کئی سال بعد بیرونی سفر کیا اور ماسکو پہنچ کر اپنے ملک کے بحران پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہیکہ شام میں 2011ء سے شورش شروع ہوئی، جس کے بعد صدر بشار کا یہ پہلا بیرونی دورہ تھا۔ اس سے قبل 2008ء میں انہوں نے روس کا دورہ کیا تھا۔ تاہم منگل کو انہوں نے اچانک اور حیرت انگیز طور پر ماسکو کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد ان کے ملک شام میں گذشتہ ماہ سے شروع کردہ روسی فضائی حملوں کیلئے ولادیمیر پوٹن کا شکریہ ادا کیا جاسکے۔ دونوں قائدین نے اپنی بات چیت کے دوران فوجی کارروائیوں کے ساتھ سیاسی اقدامات کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا۔ روسی قصرصدارت کریملن نے کہا کہ ’’روس نے شام کی فوجی مدد جاری رکھنے کا عہد کیا ہے اور جنگ کے خاتمہ کی کوشش کے طور پر تمام گروپوں کی شمولیت کے ساتھ سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے‘‘۔ صدر بشار کی اپنے واحد حلیف سے بات چیت کے دن ہی اقوام متحدہ نے کہا کہ شامی حکومت کی نئی فضائی کارروائیوں کے نتیجہ میں اس ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب سے دسیوں ہزار افراد اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔

صدر اسد نے اپنے روسی ہم منصب پوٹن سے کہا کہ ان کے ملک پر 30 ستمبر سے روسی فضائی حملوں کا آغاز ہوا، جس پر مغربی ممالک نے اگرچہ تشویش ظاہر کی ہے لیکن اس شورش زدہ ملک میں دہشت گردی کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے۔ روس نے شدید اصرار کے ساتھ کہا ہیکہ اس کے فضائی حملوں کا مقصد صرف انتہاء پسند اسلامک اسٹیٹ (داعش) اور دیگر دہشت گرد گروپوں کو نشانہ بنانا ہے لیکن شامی حکومت کے باغیوں اور مغربی ممالک نے الزام عائد کیا ہیکہ ماسکو دراصل بشارالاسد کی مدد کیلئے نہ صرف جہادیوں بلکہ اعتدال پسند اور اسلامی اپوزیشن فورسیس کو بھی نشانہ بنارہا ہے۔ صدر پوٹن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ شام کے صدر اسد نے منگل کو کریملن میں بات چیت کی اور چہارشنبہ کی صبح تک وہ دمشق واپس پہنچ چکے تھے۔ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ کریملن صدر اسد کے اس دورہ کی خبر جاری کرنے سے قبل ان کی دمشق واپسی کا انتظار کررہا تھا۔ پوٹن نے ان سے کہا کہ شام میں بحالی امن کیلئے روس ممکنہ مدد کرتا رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT