بغداد کا خودکش حملہ آور آسٹریلیائی شہری نکلا

کینبرا۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے کہا ہے کہ جس شخص نے گذشتہ ہفتے عراق میں خودکش حملے میں اپنے ساتھ کئی لوگوں کو ہلاک کیا وہ آسٹریلیائی شہری تھا اور ملبورن کا رہنے والا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے اٹارنی جنرل جارج برانڈس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خبر پریشان کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت عراق اور شام میں داعش کی پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے اور ان سرگرمیوں میں کسی بھی آسٹریلیائی باشندے کی شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان میں آسٹریلیا کے باشندوں کا شامل ہونا آسٹریلیا کی اندرونی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہے کیونکہ ان میں شامل لوگ ملک واپسی پر کہیں یہاں بھی تشدد پر آمادہ نہ ہوں۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو خودکش حملے میں شامل بمبار عراق اور شام کے تصادم میں ہلاک ہونے والا دوسرا آسٹریلیائی خودکش بمبار تھا۔ اس خودکش حملے میں اس نوجوان نے دھماکہ خیز مواد سے لیس اپنی بیلٹ کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں اس کے علاوہ دوسرے تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ عراق میں برسرِپیکار جنگجو گروپ داعش نے اپنے ایک متعلقہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اس نوجوان کا نام ابوبکر آسٹریلیائی بتایا تھا۔ یاد رہے کہ یہ حملہ بغداد کی ایک مسجد کے پاس واقع ایک بازار میں جمعرات کو کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ برطانیہ کو بھی شام میں لڑنے والے اپنے شہریوں سے اسی قسم کی تشویش لاحق ہے کہ کہیں وہ ملک واپسی پر شدت پسندانہ رخ نہ اختیار کریں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT