Monday , November 19 2018
Home / اضلاع کی خبریں / بلا تفریق مذہب و ملت ، خدمت خلق کی تلقین

بلا تفریق مذہب و ملت ، خدمت خلق کی تلقین

شاد نگر میں جمعیتہ العلماء کے تربیتی کیمپ کے اختتامی پروگرام سے علماء کا خطاب

شاد نگر ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام چل رہے تین روزہ بھارت اسکاوٹ اینڈ گائیڈس ٹریننگ کیمپ کا بمقام دارالعلوم سبیل الہدیٰ ٹرسٹ شاد نگر ضلع رنگاریڈی میں اختتام پذیر ہوا ۔ اجلاس کا آغاز مولانا محمد صفوان ندوی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ اس تربیتی کیمپ میں جن طلباء نے حصہ لیا ہے ان کو ریاستی جمعیتہ علماء کی جانب سے تہنیت پیش کرنے کے لیے ایک تہنیتی اجلاس 21 اپریل دفتر ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش زم زم مسجد باغ عنبر پیٹ صبح 9 بجے منعقد کیا جارہا ہے ۔ اختتامی اجلاس سے مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو ہمیشہ بلا تفریق مذہب و ملت خدمت خلق کے لیے تیار رہنا چاہئے کیوں کہ خدمت خلق سے آپ ﷺ کا خاص تعلق تھا ، اگر ہم راستہ سے کسی تکلیف دہ چیز کو ہٹا دیں تو بھی ثواب ہے ۔ مولانا محمد کلیم اللہ قاسمی انچارج کل ہند جمعیتہ یوتھ کلب اسکاوٹ اینڈ گائیڈنس ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیتہ علماء ہند نے 2013 میں اس طرح کے ٹریننگ کیمپ ملک کے مختلف علاقوں میں شروع کیا اور اب تک 6 ہزار لڑکے اور 700 لڑکیوں کو تیار کیا جاچکا ہے ۔ مولانا قاری محمد احمد عبداللہ قاسمی آرگنائزر جمعیتہ علماء ہند نے صحت و تندرستی پر روشنی ڈالتے ہوئے اسکاوٹ اینڈ گائیڈس ٹریننگ کی اہمیت اور اس کی افادیت کو بتلایا ۔ حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹریننگ کیمپ کا مقصد سب سے پہلے تو خدمت خلق ہے اس کے بعد نوجوان نسل کو تندرست اور صحت مند رکھنا ہے اور بے جا خرافات موبائل وغیرہ میں وقت کو برباد کرنے اور لغو چیزوں سے روکتے ہوئے زندگی کے مقصد کو بتانا ہے ۔ مولانا عبدالطیف افسر رشادی ( ونستھلی پورم ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹریننگ کیمپ کے پروگرام ہر جگہ منعقد ہونا چاہیے اور نوجوان نسل کو بلا تفریق مذہب و ملت خدمت خلق کے لیے تیار کرنا چاہیے اور انہوں نے ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاستی جمعیتہ علماء کا یہ اقدام قابل ستائش ہے ۔ ریاستی جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام ونستھلی پورم میں بھی اس طرح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ سید ابراہیم سیاسی قائد شاد نگر نے کہا کہ اعلیٰ سے اعلیٰ اسکول میں اچھی تعلیم تو دی جاتی ہے ۔ لیکن خدمت خلق کی تعلیم نہیں دی جاتی جب کہ خدمت خلق کی تعلیم سے دنیا میں آنے کا مقصد معلوم ہوتا ہے ۔ سید مقتدر علی قادری صدر قاضی شاد نگر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ہر تین چار مہینے میں ایک مرتبہ کرنا چاہیے اور جو لڑکے یہاں تربیت حاصل کئے ہیں وہ پہلے اپنے علاقے سے کام کا آغاز کریں ۔ آخر میں مولانا طاہر قاسمی بانی و ناظم دارالعلوم سبیل الہدیٰ ٹرسٹ شاد نگر نے کلمات تشکر ادا کیا ۔ مولانا کلیم اللہ قاسمی کی دعا سے اجلاس اختتام پذیر ہوا ۔۔

TOPPOPULARRECENT