Sunday , November 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بلدیہ کریم نگر کی اسٹانڈنگ کمیٹی کا چناؤ

بلدیہ کریم نگر کی اسٹانڈنگ کمیٹی کا چناؤ

کریم نگر ۔ 12 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر مجلس بلدیہ کارپوریشن میں اسٹانڈنگ کمیٹی چناؤ کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ حکومت کی جانب سے منگل کو اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ جی او نمبر 54 کے مطابق (50) کارپوریٹرس کے منجملہ پانچ اسٹانڈنگ کمیٹی ارکان کیلئے چناؤ کے ذریعہ انتخاب ہوگا ۔ ہر کارپوریٹر ترجیح طریقہ کار کے تحت پانچ ووٹ دے سکتا ہے ۔ معاون کارپوریٹرس کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہے ۔ جاریہ ماہ کی 10 تا 16 تک نامزدگی داخل کی جاسکتی ہے ۔ 17 مئی کو جانچ ہوگی 18 تا 20 مئی نامزدگی سے دستبرداری یا واپسی لی جاسکتی ہے ۔ 23 مئی کو چناؤ ہوگا ۔ شہر میں (50) ڈیویژن میں ٹی آر ایس (36) ، کانگریس (10) ، بی جے پی اور ایم آئی ایم کے دس کارپوریٹرس ہیں جن میں اکثریت تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے کارپوریٹرس کی ہے اسی لئے اسٹانڈنگ کمیٹی ارکان کی اکثریت بھی اسی پارٹی کی ہوگی ۔ ان کی مخالف سیاسی پارٹی کانگریس ہے جس کے صرف (10) کارپوریٹرس ہیں اس لئے بلا مقابلہ بھی اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کی امید ہے ۔ فی الوقت رکن اسمبلی گنگولاکملاکر جنوبی افریقہ کے دورہ پر ہیں ان کی واپسی کے بعد اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی تاکہ متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آسکے ۔ ویسے ٹی آر ایس میں بھی دو گروپ ہیں ان اختلافات کی بناء پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ان کا انتخاب متفقہ طور پر ہوگا یا نہیں ۔ شہر میں یہ افواہ بھی گشت کررہی ہے کہ اسٹانڈنگ کمیٹی کے ارکان کا چناؤ برائے نام ہے پہلے ہی یہ طے ہوچکا ہے کہ اس کے اراکین کون کون ہیں ۔ اب وقت ہی بتائے گا حقیقت کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT