Wednesday , June 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / بلدی انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کا ادعا

بلدی انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کا ادعا

ظہیرآباد۔7مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انچارج تلگودیشم حلقہ اسمبلی ظہیرآباد وائی نروتم نے آج شام یہاں پارٹی آفس پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ تلگودیشم میونسپلٹی ظہیرآباد کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور صدرنشین کے عہدہ پر اس کا قبضہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی ظہیرآباد کے عوام کانگریس کی عوام دشمن پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں اور ساڑھے تین سال بعد میونسپلٹی کے انتخابات عمل میں لانے پر انتہائی برہم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میونسپلٹی ظہیرآباد کے عوام سیاسی طور پر باشعور ہیں اور وہ کانگریس کے جھانستہ میں آنے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مجوزہ انتخابات میں کانگریس ‘ تلگودیشم کی واحد حریف جماعت ہے جسے شکست دینے کیلئے تلگودیشم کسی بھی جماعت سے انتخابی مفاہمت کرسکتی ہے ۔ انہوں نے میونسپلٹی ظہیرآباد میں کانگریس کی جانب سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے دعوے کھوکھلے قرار دیا اور کہاکہ وقتاً فوقتاً جاری غیر موسمی بارش کے دوران میونسپلٹی ظہیرآباد کے حدود میں سڑکوں پر بہتا ہوا گندہ پانی اس دعوے کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسمبر 2008ء میں وائی ایس آر کالونی ظہیرآباد میں تعمیر امکنہ کیلئے ضرورتمند عوام سے 2061 درخواستیں وصول کی گئیں لیکن تاحال کسی بھی درخواست گذار کو اس کی تحویل میں ایک بھی تیارشدہ مکان نہیں دیا گیا ہے ۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ مذکورہ کالونی ہی میں بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے عوام سے زائد از چار ہزار درخواستیں وصول کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم مجوزہ بلدی انتخابات میں عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو اتارے گی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست عنقریب جاری کردی جائیگی ۔ انہوں نے عوام سے تلگودیشم امیدواروں کو بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی پُرزور اپیل کی ۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر سرکردہ قائدین انجنیلو ‘ محمد یوسف ‘ محمد تنظیم ‘ خسرو پٹیل ‘ حیدر پٹیل ‘ محمد یونس ‘ محمد نذیر قریشی اور دوسرے موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT