Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدی انتخابات میں 70.67 لاکھ رائے دہندے حق ووٹ استعمال کریں گے

بلدی انتخابات میں 70.67 لاکھ رائے دہندے حق ووٹ استعمال کریں گے

پولنگ کے لئے 7,757 مراکز رائے دہی قائم کرنے کا فیصلہ، 23,271 ملازمین کی خدمات
حیدرآباد۔ 10 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب 2 فروری کو بلدی حدود میں منعقد ہورہے جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے تمام بنیادی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 2 فروری کو جملہ 70 لاکھ 67 ہزار 934 رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل قرار پائے ہیں جن کے نام فہرست رائے دہندگان میں موجود ہیں۔ تفصیلات کے بموجب جی ایچ ایم سی انتخابات میں رائے دہندوں کیلئے 7,757 مراکز رائے دہی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جوکہ مختلف بلدی حلقہ جات میں 3,117 عمارتوں میں قائم کئے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلے میں کی گئی تیاریوں کے مطابق انتخابی شیڈول کی اجرائی  تک فہرست رائے دہندگان میں جملہ 37 لاکھ 79 ہزار 281 مرد رائے دہندوں کے نام شامل کئے گئے ہیں جبکہ 32 لاکھ 87 ہزار 803 خاتون رائے دہندوں کے نام فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ تیسری جنس کے 850 رائے دہندے فہرست رائے دہندگان میں شامل ہیں۔ 650 مربع کیلو میٹر تک محیط مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کو قومی سطح پر کافی زیادہ اہمیت حاصل ہورہی ہے، جس کی بنیادی وجہ تشکیل تلنگانہ کے بعد شہر حیدرآباد میں پہلی مرتبہ بلدی انتخابات کا انعقاد ہے۔ علاوہ ازیں شہر حیدرآباد 10 سال تک کیلئے دو ریاستوں کا دارالحکومت ہے اور اس اعتبار سے بھی شہر حیدرآباد کے میئر کو کافی اہمیت حاصل رہے گی۔ انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 7 ہزار 757 مراکز رائے دہی میں 3,272 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دیا گیا ہے جن کی چار زمروں میں تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ ہر مرکز رائے دہی پر تین عہدیداروں کے اعتبار سے 23,271 ملازمین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ 7,760 ملازمین کو ریزرو رکھا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال کو ان کی خدمات کو حاصل کی جاسکے۔ پریسائیڈنگ آفیسر اور اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر کی ذمہ داریاں علیحدہ تفویض کی گئی ہیں جوکہ مراکز رائے دہی کے اعداد کے مطابق ہوں گے، اس اعتبار سے انتخابی اتھاریٹی جملہ 46,545 سرکاری ملازمین کی خدمات حاصل کررہی ہے تاکہ انتخابی عمل کی تکمیل کو شیڈول کے مطابق پرامن انداز میں یقینی بنایا جاسکے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تربیت کی فراہمی کے بعد انتخابی اتھاریٹی نے تمام 150 بلدی حلقہ جات کے انتخابی مواد کی تقسیم اور ووٹنگ مشین کو جمع کرنے کیلئے اسٹرانگ روم کے متعلق بھی قطعی فیصلہ کرلئے ہیں جن کے متعلق 150 بلدی حلقہ جات کے الیکٹرانک ووٹنگ مشینس ،انتخابی مواد کی اجرائی 24 مراکز سے عمل میں آئے گی اور انہی مراکز پر انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد اسٹرانگ روم میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینس رکھے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT