Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / بلدی انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان ویب سائٹ پر پیش

بلدی انتخابات کیلئے فہرست رائے دہندگان ویب سائٹ پر پیش

رائے دہندے اپنے ووٹ، پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ معلوم کرسکتے ہیں
حیدرآباد۔/13جنوری، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے چناؤ میں رائے دہی کے فیصد کو بڑھانے بلدیہ نے خصوصی اقدامات کا آغاز کردیا اور عوام میں شعور بیداری کیلئے خصوصی پروگرامس کے انعقاد اور نئی ٹکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔ بلدیہ نے وارڈز سطح پر فہرست رائے دہندگان کو ویب سائیٹ پر فراہم کرنے کے علاوہ شہریوں کو مزید آسانی فراہم کرتے ہوئے خصوصی اپلیکیشن کو بھی تیار کیا ہے۔ شہری بہ آسانی اس ایپ کے ذریعہ اپنے ووٹ کے علاوہ پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ و مقام کی بھی بہ آسانی نشاندہی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹر لسٹ کو ویب سائٹ کے ذریعہ بہ آسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ اس خصوص میں ایڈیشنل کمشنر، کمشنر الیکشن بلدیہ عظیم تر حیدرآبادسریندر موہن نے بتایا کہ عوامی شعور بیداری کے سلسلہ میںبلدیہ نے اپنے رنگ ٹون کو بدل دیا ہے اور تقریباً1,500 ملازمین رائے دہی کی اہمیت اور افادیت کے تعلق سے تیار کردہ خصوصی ٹون کو ’ ڈائیلر ٹون ‘ کی طرح رکھ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خصوص میں 18 جنوری کو کمشنر کی جانب سے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مختلف کالونیوں اور ریزیڈنشیل اسوسی ایشنس کے نمائندے شریک ہوں گے تاکہ انہیں اس بات کی ضرورت پر زور دیا جائے کہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں شعور بیداری کیلئے بلدیہ نے پہلے اپنے ملازمین سے کوششوں کا آغاز کیا ہے۔ 1500ملازمین کے ڈائیلر ٹون سے ہر دن تقریباً 75ہزار شہریوں تک رائے دہی میں اضافہ کے پیغام کو پہنچایا جائے گا۔ اس طرح 20دنوں میں 15لاکھ افراد تک بلدیہ کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ شہر میں غیر مجاز تشہیری پوسٹرس، بیانرس اور فلیکسیز کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلدیہ کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT