Thursday , September 20 2018
Home / پاکستان / بلوچستان: تشدد کے واقعات میں سات افراد ہلاک

بلوچستان: تشدد کے واقعات میں سات افراد ہلاک

کوئٹہ، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایران سے متصل سرحدی ضلع کیچ میں آج تشدد کے دو مختلف واقعات میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے چھ افراد کی ہلاکت کا واقعہ ضلع کے علاقہ دشت میں پیش آیا۔ دشت کھڈان کے تحصیلدار نورخان نے بتایا کہ اس علاقے میں علی الصبح 4:45 بجے نامعلوم مسلح افراد ماسٹر عبد الحمید کے گھر پر آئے۔ ان مسلح افراد نے گھر کے صحن میں سونے والے چھ افراد پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے باعث تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ تحصیلدار نے بتایا کہ مہلوک تمام افراد مرد تھے اور ان میں سے پانچ آپس میں رشتہ دار تھے۔ اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ایک دیگر واقعے میں اسی ضلع کے علاقہ ہوشاب کی ہوٹل پر راکٹ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ تر بت میں لیویز فورس کے عہدہ دار نے بتایا کہ مہلوک شخص ہوٹل کا مالک تھا جو ہوٹل کے اندر محو خواب تھا۔

TOPPOPULARRECENT