Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / بمراہ نوبال کے بعد فقرے بازی کرتے رہے:فخر

بمراہ نوبال کے بعد فقرے بازی کرتے رہے:فخر

کراچی۔11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی خطابی کامیابی کے اہم کردار فخر زمان نے انکشاف کیا ہے کہ فائنل میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے ان پر جملے کسے اور کپتان ویراٹ کوہلی سمیت بیشتر حریف کرکٹرز ان کا مذاق اڑاتے رہے۔ فخر زمان ہندوستان کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل میں سنچری بنا کر ہیرو بنے ہیں تاہم انہوں نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ اس اہم میچ کے دوران حریف کھلاڑیوں کا رویہ اچھا نہیں تھا اور کپتان کوہلی ہی نہیں بلکہ ان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی فائنل میں مسلسل پاکستانی کھلاڑیوں کا مذاق اڑاتے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے انہیں کہا کہ تھوڑا سامنے بھی رن بنا لے ، کب تک ایسے کھیلتا رہے گا؟ فخر زمان نے کہا کہ جب وہ اور اظہرعلی وکٹ پر کھڑے ہو کر ٹیم کو ٓگے بڑھانے میں مصروف تھے تو دوسری جانب حریف کھلاڑیوں نے بھی اپنی فقرے بازی جاری رکھی ہوئی تھی جو مسلسل یہی کہتے رہے کہ ایک وکٹ نکل جائے گی تو یہ سارے آؤٹ ہو جائیں گے ، بس ایک کو نکالو جلدی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ فخر زمان کے بموجب کھیل کے ابتدائی اوورز میں ہی جسپریت بمراہ نے انہیں وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا دیا تھا لیکن نوبال نے انہیں بچا لیا اور اسی وجہ سے جسپریت بمراہ بھی ان پر جملے کسنے میں پیش پیش تھے لیکن انہوں نے کسی کی بات پر کان نہیں دھرے۔ دباؤ بڑھانے کیلئے فقرے بازی کھیل کا حصہ ہے تاہم ہندوستانی کھلاڑیوں نے اپنی حد عبور کی اور نہ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا۔

TOPPOPULARRECENT