Monday , July 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / بنڈلہ گوڑہ غوث نگر میں چٹانوں کے دھماکہ میں زخمی خاتون کی موت

بنڈلہ گوڑہ غوث نگر میں چٹانوں کے دھماکہ میں زخمی خاتون کی موت

کنٹراکٹر کی لاپرواہی، کنٹراکٹر کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ /14 جنوری (سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ غوث نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں چٹانوں کو دھماکے کے ذریعہ اڑانے کے دوران زخمی ہونے والی معمر خاتون ہلاک ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کنٹراکٹر کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے بموجب کل شام غوث نگر ، ویکر سیکشن کالونی میں ڈبل بیڈروم فلیٹ کی تعمیر کا کام جاری تھا اور سائیٹ پر موجود بڑے چٹانوں کو دھماکوں کے ذریعہ توڑا جارہا تھا ۔ اپنے مکان کے باہر بیٹھی ہوئی 60 سالہ معمر خاتون بی کے سر پر ایک پتھر اڑکر آلگا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی ۔ رشتہ داروں نے زخمی خاتون کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا لیکن سر پر گہرا زخم آنے کے نتیجہ میں آج صبح زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈبل بیڈروم فلیٹ کے تعمیراتی کام کیلئے دھماکوں کے ذریعہ چٹان توڑنے کی کوئی پولیس سے اجازت نہیں لی گئی تھی اور لاپرواہی سے چٹانوں کو اڑایا جارہا تھا حالانکہ اطراف و اکناف کے علاقے مکمل طور پر رہائشی علاقے ہیں۔ چندرائن گٹہ پولیس نے متوفی خاتون کا آج پوسٹ مارٹم کروایا اور بعد ازاں نعش ورثاء کے حوالے کردیا ۔ پولیس چندرائن گٹہ نے متوفی خاتون کے بیٹے محمد حسین کی شکایت پر کنٹراکٹر کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 304 (A) اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے دفعہ 3 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا ہے ۔ سب انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر کرشنیا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ کنٹراکٹر کی لاپرواہی سے یہ واقعہ پیش آیا ہے جبکہ پولیس کی اجازت طلب کرنے کے زاویہ سے تحقیقات جاری ہے اور ضرورت پڑنے پر دفعات کی ترمیم کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT